وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری نے تفتان کے بارڈر پر زائرین کو درپیش مشکلات کے مستقل ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفتان بارڈر پر زائرین کا کئی کئی روز تک جبری قیام کسی اذیت سے کم نہیں ہے۔اس مسئلے کا حکومت کو کوئی مستقل حل تلاش کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران و عراق مقامات مقدسہ سے واپسی پر بزرگوں، بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد کو سیکورٹی کے نام پر تفتان بارڈر روک کر کئی کئی دن قیام پر مجبور کیا جاتا ہے اور جب تک زائرین کی غیر معمولی تعداد جمع نہیں ہو جاتی تب تک قافلوں کو چلنے کی اجازت نہیں ملتی۔حکومت کے ذمہ دار اداروں کی طرف سے اس مسئلے کے حل کے لیے بارہا یقین دہانی کرائی گی لیکن تاحال معاملات جوں کے توں ہیں۔
انہوں نے کہا کرتارپورہ راہدری پر سکھ برادری کو سہولیات کی فراہمی حکومت کا ایک احسن اقدام ہے تاہم ان اقدامات کو کلی طور پر لائق تحسین تب ہی قرار دیا جاسکتا ہے جب منصفانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے مسلمان زائرین کی مشکلات پر بھی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر پر درپیش مشکلات سے کسی کو چشم پوشی کی اجازت نہیں دیں گے۔۔اس مسئلے کا مستقل حل نکلنے تک ہماری بے چینی ختم نہیں ہو گی۔