وحدت نیوز(ڈیرہ مراد جمالی)امید سحر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ڈیرہ مراد جمالی میں اجتماعی شادی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمشنر نصیرآباد ڈویژن عابد سلیم قریشی رکن صوبائی اسمبلی میر سکندر خان عمرانی ڈپٹی کمشنر نصیر آباد فلاحی تنظیم امید سحر کے صدر سید یار محمد شاہ سابقہ چیئرمین ڈیرہ مراد جمالی میر غلام نبی عمرانی سابقہ وفاقی وزیر میر چنگیز خان جمالی سردار زادہ بابا غلام رسول عمرانی و دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ غیر شادی شدہ جوانوں کے لئے نکاح اور شادی کا اہتمام کرنا عظیم عبادت ہے۔ نکاح ایک مقدس رشتہ ہے جو حیاء عفت اور نسل انسانی کی بقا کا سبب ہے۔ اہل خیر حضرات کو اس کار خیر میں آگے بڑھ کر تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شادی شدہ شخص کی ایک رکعت نماز 70 رکات نماز کے برابر ہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری نے کہا کہ امید سحر فاؤنڈیشن نے بلوچستان کے اندر اجتماعی شادی کا اہتمام کر کے بہترین کارنامہ انجام دیا ہے دین اسلام میں حیا عفت اور پاکدامنی کی تاکید کی گئی ہے جس کا ذریعہ نکاح ہے۔ اس موقع پر تقریب سے کمشنر نصیرآباد ڈویژن جناب عابد سلیم قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نکاح کے ذریعے مقدس اور مبارک رشتوں کی تشکیل ہوتی ہے آج بیوی اورشوہر کا رشتہ کل باپ اور ماں کے مقدس رشتے میں تبدیل ہو جاتا ہے جنہوں نے آئندہ نسل کی تعلیم تربیت اور پرورش کی ذمہ داری سنبھالنی ہوتی ہے۔