وحدت نیوز(کوئٹہ) رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید روح اللہ موسوی الخمینی کی برسی کے موقع پر کوئٹہ میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ ولایت حسین جعفری اور ڈاکٹر محمد حسین الحسینی سمیت دیگر مفکرین نے شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔
علمائے کرام اور معتبرین نے اپنے خطاب میں امام خمینی کے افکار و مقاصد اور احوال زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کی زندگی سادگی کی بہترین مثال ہے۔ وہ چاہتے تو اس دنیائے فانی کی ہر سہولت سے آراستہ ہو سکتے تھے مگر انہوں نے عام زندگی کو ترجیع دی۔ رہبر انقلاب نے اپنی جدوجہد کے دوران بہت سی مشکلات کا سامنا کیا، مگر ان کے پختہ یقین اور ایمان نے انہیں اپنے عظیم مقصد سے ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کی اجازت نہیں دی۔
امام جمعہ کوئٹہ نے آیت اللہ سید روح اللہ موسوی الخمینی کے دور کی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب ایران کے ظالم و جابر بادشاہ نے اسلام کا چہرہ بگاڑنے کی کوشش کی، اس وقت امام خمینی نے اس کا سامنا کیا اور اللہ کی راہ میں ہر مصیبت کی گھڑی میں صبر و استقامت کا دامن تھام کر رکھا۔ یہی وجہ تھی کہ ایران کا بادشاہ شدید طاقتور ہونے کے باوجود فرار ہو گیا۔ انہوں نے اسلامی نظام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ظالم کو حکومت کا کوئی حق نہیں، رہبر انقلاب نے دین کو ایک بار پھر حیات بخش دی۔
علامہ ولایت حسین جعفری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کا دنیا بھر میں پھیل جانا خود اس بات کی دلیل ہے کہ سید روح اللہ موسوی حق پر تھے۔ ان کی ان کاوشوں کی بدولت آج ہم دین اسلام کا نام فخر سے لے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ لوگ خوش نصیب ہیں، جن کا انتخاب اللہ نے اپنے مقاصد کو پورا کرنے کے لئے کیا ہے اور رہبر انقلاب اسلامی امام خمینی انہی میں سے ایک تھے۔