وحدت نیوز (کوئٹہ) امام جمعہ کوئٹہ اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی شوریٰ عالی کے رکن علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ جو افراد کھیل کے میدان میں وطن اور قوم کی سربلندی کا باعث بنتے ہیں، انکی حوصلہ افزائی بے حد ضروری ہے۔ ان لوگوں کی حوصلہ افزائی معاشرے کو سلامتی کی طرف راغب کرنے کے مترادف ہے۔ نئی نسل میں کھیل اور ورزش کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی شہرت یافتہ باکسر سید آصف شاہ ہزارہ سے ملاقات کے دوران ان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید آصف ہزارہ حال ہی میں ایشین باکسنگ فیڈریشن کا ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں۔ علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ انسان جسم اور روح کا مرکب ہے اور جسم کو موثر غذا کے ساتھ ساتھ ورزش کی بھی اشد ضرورت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ انسانی روح کو بھی غذا اور ورزش کی ضرورت ہے۔ انسانی روح کی غذا درجہ اول میں عبادت الٰہی، صالح عمل، نیک کردار اور اچھا چال چلن رکھنا ہے۔ ہم گناہوں سے بچنے کی کوشش کو آبرو کی ورزش قرار دے سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آغا سید آصف شاہ ہزارہ وہ شخصیت ہیں، جنہوں نے بہت محنت کی۔ ایک غریب خاندان کے فرزند ہونے کے باوجود انہوں نے بلند مقامات کو حاصل کرلیا ہے، جو خوش آئند اور معاشرے کیلئے ایک نمونہ ہے۔ وہ کردار کے حوالے سے بھی ایک مقبول شخصیت ہیں، جو قرآن و اہلبیتؑ سے محبت رکھتے ہیں۔ ان جیسے جوانوں کو رول ماڈل کے طور پر معاشرے کے سامنے پیش کرنا معاشرے کو روحی اور جسمانی ورزشوں کی طرف بلانے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ ہمارے معاشرے کے لوگوں کو ان دونوں کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو ان دونوں میدانوں میں اپنی تربیت کرنی چاہئے تاکہ ہمارا معاشرہ صالحین کا معاشرہ بن سکے۔ اگر پوری انسانیت میں یہ تبدیلی رونماء ہوجائے تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے امام وقت (عج) کے ظہور کیلئے زمینہ سازی ہورہی ہے اور بہت جلد ہمارے آقا ہماری رہنمائی کیلئے تشریف لائیں گے۔