وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری ارباب لیاقت علی ہزارہ نے اپنے بیان میں گذشتہ شب فاطمہ جناح روڈ پر واقع ہزارہ شیعہ افراد کی دکان پر حملے اور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات رونما ہونا اداروں اور سکیورٹی فورسز کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت افسوس کا مقام ہے کہ شہر کے ایک مصروف سڑک پر دہشتگرد ایک دکان میں گھس کر دو افراد پر فائرنگ کرکے شہید کرتے ہیں اور فرار ہونے میں کامیاب بھی ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو سی سی ٹی وی فوٹیج بم دھماکے کی ویڈیو منظر عام پر لا سکتی ہے، اس کے ذریعے قاتلوں کی پہچان کیوں نہیں ہو سکتی۔ اس واقعہ میں انتظامیہ نے غفلت برتنے کی کوشش کی تو عوام الناس پر قابو قائم رکھنا دشوار ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج سے 22 سال پہلے شروع ہونے والے اس سلسلے کو ختم کرنا ہوگا۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔