وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے راہنماء ارباب لیاقت علی ہزارہ نے اپنے بیان میں کابل میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دین اسلام کے دشمنوں نے ہمیشہ نہتے اور معصوم انسانوں کو ظلم کا نشانہ بنایا ہے۔ طلباء پر حملہ کرنے والے قوم کے مستقبل پر حملہ کررہے ہیں۔ انہوں نے سانحہ کابل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماہ مبارک رمضان میں شہید ہونے والے کمسن روزہ داروں پر حملہ کرنے والے دین اسلام کے حقیقی دشمن ہیں۔ ہم واقعات میں شہید ہونے والوں کیلئے رنجیدہ اور انکے لواحقین کے دکھ و درد میں برابر کے شریک ہیں۔ ہزارہ شیعہ قوم کو مستقبل کے معماروں سے محروم کرنے کی ناپاک کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کابل شہر میں طلباء کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کی بزدلی کا ثبوت ہے۔ ہم انہیں شکست دے کر ہر میدان میں آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دہشتگردوں میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ میدان میں آکر مقابلہ کرسکے۔ اسی لئے وہ اپنے ناپاک عزائم تک پہنچنے کیلئے معصوم لوگوں کا خون بہاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام مسلمانوں کو یکجا ہوکر کابل کے مظلوم مسلمانوں کیلئے آواز بلند کرنی ہوگی۔ مسلمانوں کو مل کر دین دشمن عناصر کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ اسلام امن کا دین ہے اور تکفیری سوچ کے حامل دہشتگردوں کیلئے اسلام میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے راہنماء نے آخر میں شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔