وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ سٹی کے رہنماء ارباب لیاقت علی ہزارہ نے اپنے بیان میں دعا زہرا کیس سے متعلق کہا ہے کہ بعض عناصر پاکستان کے اسلامی معاشرے میں غیر اخلاقی رسومات کو فروغ دینے کی کوششوں پر عمل پیرہ ہیں۔ ولی یعنیٰ باپ یا بھائی کی عدم موجودگی میں نکاح غیر شرعی عمل اور گناہ ہے۔ ولی کی غیر حاضری میں کم سن دعا زہرا کا نکاح اسلامی جمہوری ریاست کے قانون پر ایک سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک نام نہاد صحافی جو دراصل ٹک ٹاکر ہے دعا زہرا کیس پر پروگرام کرکے اپنی ریٹنگ بڑھانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔ جسے قوم سمجھ چکی ہے۔ اس طرح غیر اخلاقی کاموں کو فروغ دینے کی اجازت ہرگز نہیں دینگے۔ ارباب لیاقت علی ہزارہ نے عدلیہ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ انصاف کا تقاضہ پورا کرتے ہوئے کم سن دعا زہرا کو اسکے والدین کے حوالے کر دے اور اس کیس کو مزید پیچیدہ اور متنازعہ بنانے سے گریز کرے۔