وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ سٹی کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے الحجت ہاؤس کوئٹہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا کہ دنیا بھر میں رنگ، نسل، مسلک و مذہب کی بنیاد پر انسانوں کا قتل اور اقوام متحدہ سمیت نام نہاد مہذب مغربی معاشرے کی خاموشی انکی ڈبل سٹینڈرڈ کا ثبوت ہے۔ نسلی، لسانی اور مسلکی تعصبات کی بنیاد پر شیعہ ہزارہ قوم کا قتل عام آج بھی جاری ہے، عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ برطانوی سامراج کے ایجنٹ امیر عبدالرحمٰن نے اپنے دور میں خواتین اور بچوں سمیت ہزارہ قوم کے 63 فیصد افراد کا قتل عام کیا اور باقی افراد دنیا کے مختلف ممالک کی جانب ہجرت کر گئے۔
جو باقی رہ گئے، انہیں انکی زمینوں سے محروم رکھا گیا۔ آج بھی وہی ظلم روا رکھا جا رہا ہے۔ طالبان حکومت کے ہوتے ہوئے ہزارہ قوم کے زرعی زمینوں اور جائیداد پر قبضہ کرنا عدل و انصاف کے منافی عمل ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا کہ تعصبات کی بنیاد پر مخصوص ہزارہ قوم کے ساتھ مظالم روک دیا جائیں۔ تمام انسان اللہ کے بندے ہیں۔ قوم، قبیلہ، رنگ و نسل پہچان کیلئے ہے۔ معیار انسانیت، تقویٰ الٰہی اور عالم بشریت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہے۔ پوری دنیا میں جہاں جہاں ہزارہ قوم ہجرت کر گئے ہیں، وہاں کے قانون کے احترام کو اپنا شعار بنا کر تعمیر و ترقی، علم و ہنر میں پیش پیش نظر آتے ہیں۔