وحدت نیوز(جعفرآباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جعفر آباد کی ضلعی شوری کا اہم اجلاس مدرسہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ڈیرہ اللہ یار میں منعقد ہوا اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی صوبائی نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی سابقہ صوبائی صدر علامہ برکت علی مطہری صوبائی ترجمان سید شبیر علی شاہ اراکین ضلعی شوری اور تنظیمی یونٹس شریک ہوئے۔اجلاس میں کثرت رائے سے سید اسرار شاہ دوپاسی کو ضلع صدر منتخب کیا گیا۔
مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے نومنتخب ضلعی صدر کے نام کا اعلان کیا اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے ضلع صدر سے حلف لیا۔ اس موقع پر شہزادہ خان دشتی کو تحصیل جھٹ پٹ کا صدر منتخب کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان کے استقلال اور آزادی کی علمبردار جماعت ہے قرآنی تعلیمات کے مطابق استکبار دشمن کردار ہماری شناخت ہے۔ فرعون عصر امریکہ کو ہم شیطان بزرگ سمجھتے ہوئے وطن عزیز پاکستان میں امریکی مداخلت کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر ملک بھر میں ہمارے کارکن لبیک کہیں گے۔اس موقع پر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملک و ملت کے لئے ایک نعمت ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے۔اس موقع پر علامہ برکت علی مطہری اور علامہ سہیل اکبر شیرازی نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔