وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور سابق صوبائی وزیر آغا رضا رضوی نے محرم الحرام کے آغاز میں گلگت کے مین بازار میں پرچم کشائی کی تقریب پر عزاداروں پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر پاکستان میں محرم الحرام کے دوران امن کی فضاء کو خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے واقعہ کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجالس عزاء کی سکیورٹی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے حکومت سے واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف جلد از جلد کارروائی عمل میں لائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں مجالس عزاء اور جلوسوں کے سلسلہ کا آغاز ہونے والا ہے۔ شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ان دین دشمن اور پاکستان دشمن عناصر کا خاتمہ ضروری ہے۔