وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع کوئٹہ کے سیکریٹری جنرل ارباب لیاقت علی ہزارہ نے علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سمیت کوئٹہ کے دیگر علاقوں میں گیس کے بدترین بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید سردی کی آمد کےساتھ ہی گیس کی فراہمی میں کمی سے گھریلوصارفین کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے ۔ ایچ ڈی پی کے نااہل اراکین اسمبلی علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن کے رہائشیوں کو گیس بحران سے نجات دلائیں۔
انہوں نے کہا کہ سردی میں اضافے کے ساتھ ساتھ گیس پریشر میں کمی بھی بڑھ رہی ہے ۔ خواتین کو روز مرہ کے امور کی انجام دہی سمیت کھانے پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ سردی سے بچاؤ کیلئے صارفین ہیٹرز چلانے سے بھی قاصر ہیں۔ جن علاقوں میں بچی کچی گیس آبھی رہی ہے تو وہا ں پریشر نا کافی ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقےسے منتخب ایچ ڈی پی کے نااہل اراکین اسمبلی عبدالخالق ہزارہ اور قادر نائل جو کہ وزارتوں کے مزے بھی لوٹ رہے ہیں ان کی کارکردگی فقط بیان بازیوں کی حدتک محدود ہے ۔ عوامی مشکلات اور مسائل کےحل سے انہیں کوئی سروکار نہیں ہے ۔ ایچ ڈی پی کے مسلط نمائندے گیس پریشر میں کمی کا نوٹس لیتے ہوئے اس شکایت کے فوری ازالے کیلئے عملی اقدامات بروئے کار لائیں۔