وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا رضوی نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی تاریخ کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور اہم قومی دنوں کو شان شوکت سے منا کرکے قومی ہیروز کی قربانیوں کو اجاگر کرتی ہیں 23مارچ 1947ء کو قرار ادا پاکستان کی بنیاد اور پھر محنت لگن مسلسل جدوجہد کے بعد ہی ہمیں آزاد ی نصیب ہوئی آج ہمیں اس آزادی کی قدر کرنا ہوگی قومیں جذباتی نعروں ،ملی نغموں اور تقریروں سے نہیں بنتیں بلکہ اس کیلئے محنت جدوجہد اتحادو اتفاق کی ضرورت ہوتی ہے۔23مارچ یوم پاکستان کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی ہر طرح سے تربیت کریں گے ان خیالات کا اظہا ر ا نہوں نے گورنمنٹ پرائمری سکو ل مری آباد کا دورہ کرتے ہوئے لاہور سے آئے ہوئے میڈیا کے اراکین اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہم نے اپنی تاریخ کے ساتھ انصاف نہیں کیا جس کی وجہ سے قیام پاکستان کے 24سال بعد ہی پاکستان دولخت ہوا اوربنگلہ دیش کی صورت میں ہمیں صدمے سے دوچار ہونا پڑا جس شہر میں قیام پاکستان کی جدوجہد کیلئے مسلم لیگ کا قیام وجود میں آیا تھااسی شہر سے پاکستان کے خلاف سازش شروع ہوئی جو بڑے افسوس کی بات ہے ہم نے اپنے ملک وقوم کے ساتھ انصاف نہیں کیا اب ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ وہ کون سے حالات تھے جن کے باعث بنگلہ دیش کا سانحہ رونما ہوا ثقافت، تاریخ ،معاشی، ناانصافی اورظلم وتشدد کے ذریعے قومیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں معاشی ناانصافیاں ظلم جبر تشدد سے ہم اپنی منزل نہیں پا سکتے ہمیں تمام اقوام کے معاشی حقوق، ثقافت اورتاریخ کے حوالے سے ان کو انکا مقام اوربرابری کی بنیاد پرانکا حق دینا ہوگا ہم پاکستانی قوم ہیں ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا ہوگا ظلم جبر تشدد سے کبھی تاریخیں نہیں بنتیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن تمام اساتذہ کرام سے کہوں گا کہ وہ اپنے بچوں کو محبت پیار کا درس دیں اور تاریخ کے مطابق اپنے بچوں کوتعلیم و تربیت فراہم کریں تاکہ نوجوان نسل کامیابی کی طرف گامزن ہوسکے بچے ہی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں ہمیں اس سرمائے کو محفوظ رکھناہے۔
انہوں نے کہا کہ چند سالوں میں 50ہزار کے قریب مظلوم شیعہ ہزارہ، فوجی، پولیس، ایف سی کے جوان اورمیڈیا سے تعلق رکھنے والے افرادشہید ہوئے ان لوگوں کومسلمانوں نے ہی قتل کیا آج کے دن ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ کس مقصد کیلئے یہ خون خرابہ ہورہا ہے آج مسلمان مسلمان کا گلہ کاٹ رہا ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والے تمام پاکستانی شیعہ سنی،مسیحی اورہندو برادری سمیت تمام اقلیتی برادری ہمارے جسم کا حصہ ہیں نفرتوں سے اب کوئی فائدہ نہیں اور آج ہمیں محبت پیار کو عام کرنا ہوگااور حقیت کا سامنا کرتے ہوئے ایک دوسرے کے حقوق،مسالک اور تاریخ و ثقافت کا خیال رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا حوصلہ رکھنا ہوگا تاکہ ہمارا معاشرہ امن کا گہوارہ بن جائے جن عظیم مقاصد کیلئے ہمارے برزگوں نے قربانیاں دیں ان کو رائیگاں نہیں جانے دیں اور ایک عظیم پاکستان کی بنیا د رکھیں ۔