وحدت نیوز (کوئٹہ ) سابقہ حکومتوں کی ناقص منصوبہ بندیوں او ر قبضہ مافیا کی من مانیوں کی وجہ سے باران رحمت لوگوں کیلئے زحمت کا باعث بن گئی ہے۔بروری ہزارہ ٹاؤن میں سیلابی نالوں پر تجاوزات اور تعمیرات کی وجہ سے گزشتہ رات ہونے والے بارشوں کا سیلابی ریلہ لوگوں کی گھروں میں در آیا جسکی وجہ سے سیلاب کی تباہ کاریاں دوچند ہوگئیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا رضوی نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے رودے کے موقع پر کیا۔ان موقع پر علامہ سید ہاشم موسوی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
آغا رضا کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی کیساتھ بہہ کر آنے والے روڑوں کی وجہ سے سڑکیں بند پڑی ہیں اور لوگ بے سر و سامانی کی حالت میں کھلے آسمان تلے زندگی گزرنے پر مجبور ہیں اور حکومتی امداد کی منتظر ہیں۔
مطلقہ حکام کی بار بار یقین دہانیوں کے باوجود بلڈوزر علاقے میں نہیں بھیجے گئے ۔عوام الناس کا مطالبہ ہے کہ فوری ریلیف کے طور پر بلڈوزر اور سڑکیں صاف کرنے والی دوسری مشینری علاقے میں بھیجی جائیں تاکہ سیلابی پانی کا راستہ کھل سکے۔