وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے زیرانتظام کوئٹہ میں نوجوانوں کے لئے فرسٹ ایڈ تربیتی پروگرام بینظیر بھٹو اسپتال میں منعقد ہوا۔ ڈاکٹر افتخار حسین نے ابتدائی طبی امداد کے موضوع پر نوجوانوں کو لیکچر دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مختلف حادثات اور سانحات کی صورت میں فوری طبی امداد بے حد ضروری ہے۔ ہمارے نوجوانوں کے لئے فرسٹ ایڈ یا ابتدائی طبی امداد کی تربیت مفید ہیں تاکہ حادثات کی شکار دکھی انسانیت کی بہتر مدد کی جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حدیث پاک میں ہے کہ تم میں بہترین انسان وہ ہے جو لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائے۔ ہمیں بلا تفریق رنگ، نسل و مذہب انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہی انبیاء کرام اور اوصیاء کی سیرت ہے۔ اس موقع پر نوجوانوں کو حادثہ کے شکار زخمیوں کو فوری طبی امداد کے طریقے سمجھائے گئے اور عملی پر یکٹس کرائی گئی۔