وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے اغوا سے پنجاب حکومت کی کھلم کھلا دہشت گردی ہے۔ناصر عباس شیرازی کو پنجاب حکومت نے سیاسی ا نتقام کا نشانہ بنایا ہے،سیکورٹی کے نام پر پرامن سیاسی جماعت کے رہنما کا اغوا جمہوریت کا ڈھول پیٹنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا کہ بغیر کسی ایف آئی آر کے ناصر عباس شیرازی کا اغوا پنجاب حکومت کے ایماء پر کیا گیا ہے اور انہیں راناثناء اللہ کے خلاف پٹیشن دائر کرنے پر انتقام کا نشانہ بنایاگیا ہے۔پنجاب میں انتظامی ادارے ریاست کی بقا اور عوام کو تحفط فراہم کرنے کی بجائے دہشت کی علامت بن چکے ہیں،اختیارات کا ناجائز استعمال غیر آئینی اور جمہوری اقدار کے منافی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ظالمانہ اقدامات کے ذریعے خوف وہراس پھیلانے کا پنجاب حکومت کے منصوبے کو خاک میں ملادیا جائیگا،ظلم کے آگے ہم ہرگز تسلیم خم نہیں ہونگے ۔نفرت اور تعصب کے مقابلے میں ہمیشہ میدان میں رہینگے اور ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو تکمیل ہونے نہیں دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر عباس شیرازی کو کچھ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب پولیس پرعائد ہوگی۔