وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ احمد علی نوری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پشاور دھماکے میں گلگت بلتستان کے فرض شناس آفیسر ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کی شہادت انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشرف نور پورے خطے کا سپوت تھے انکی المناک شہادت پورے خطے کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انکی المناک شہادت پر پوری قوم بلخصوص لواحقین کے لیے تعذیت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور دھماکہ ملک دشمن عناصر کی طرف سے آپریشن ردالفساد کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے دہشتگرد چاہتے ہیں کہ قوم کے حوصلے پست ہوں، جو کہ ممکن نہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کرنے کی بجائے اس کی روح کے ساتھ نافذ کیا جاتا تو آج یہ افسوسناک واقعہ پیش نہیں آتا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں تیز کریں اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کا گھیرا تنگ کریں۔