وحدت نیوز (گلگت) عوام کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔کنٹیجنٹ ملازمین کو مستقل کرکے حکومت اپنا وعدہ پورا کرے۔ ٹیسٹ انٹرویو کے نام پر من پسند افراد کو نوازنے کی سازش کی گئی تو ہرگز خاموش نہیں رہیں گے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ کنٹیجنٹ ملازمین کئی دنوں سے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔کنٹیجنٹ ملازمین کے مطالبات جائز ہیں انہیں مستقل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس، ہیلتھ اور دیگر کئی محکموں میں ٹیسٹ انٹرویو کے نام پر میرٹ کو پائمال کیا گیا اور اپنے من پسند افراد کو نوازا گیا ہے اور اب ٹیسٹ انٹرویو کا ڈھونگ رچاکر حکومت اپنے پیاروں کو نوازنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنا وعدہ نبھائے اور عارضی ملازمین کو مستقل کرے ،اس سے قبل ورکس ڈیپارٹمنٹ اور پاور میں ہزاروں عارضی ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے جن سے کوئی ٹیسٹ اور انٹرویو نہیں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جن ملازمین نے کئی سالوں تک مختلف پوسٹوں پر خدمات انجام دی ہیں انہیں ٹیسٹ انٹرویو کے نام پر بیروزگار کرنا انتہائی زیادتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان دھرنے میں بیٹھے ہوئے ملازمین سے مذاکرات کرکے ان کے مسائل حل کرے اور تاکہ ہزاروں افراد کے خاندان والوں کا مستقبل محفوظ ہوجائے۔