وحدت نیوز (گلگت) اپنی زمینوں کی حفاظت کرنا ہر فرد کا دینی و شرعی فریضہ ہے، حکومت چھلمس داس پر جبری قبضے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔خالصہ سرکار کی آڑ میں زمینوں کی بندربانٹ کا وقت اب گزر چکاہے ،عوام کی بیداری نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما شیخ نیئر عباس مصطفوی نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھلمس داس نومل کے عوام کی ملکیتی اراضی ہے حکومت اپنے نمک خواروں کے ذریعے بیانات دلواکر اسے متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کرے۔جب بھی نومل کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت چھلمس داس کو آباد کرنے کی کوشش کی حکمرانوں نے لاء اینڈ آرڈر کے مسائل پیدا کرکے مداخلت کی ہے اور نومل کے عوام نے ہرمرتبہ قانون کو اپنے ہاتھ لینے کی بجائے حکومتی جبر کے آگے صبر و ا ستقامت کا مظاہرہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف پرامن احتجاج ہمارا ہتھیار ہے اور جہاں بھی ظلم ہوگا عوام کی طاقت سے منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔مجوزہ آئینی اصلاحات کے حوالے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو پیکجز کے ذریعے رام کرنا حکومت کی بھول ہوگی ، گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے میں کوئی رکاوٹ ہے تو کشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے اس کے علاوہ کوئی پیکج قابل قبول نہیں۔