وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شیخ حسن جوہری کی گرفتاری کے خلاف انجمن تاجران بلتستان کے سربراہ غلام حسین اطہر کی جانب سے اسکردو میں ہڑتال اور احتجاج کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلام حسین اطہر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے بلتستان کے عوام سڑکوں پر نکل آئیں اور اس ظلم کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں۔ انتظامیہ فوری طور پر شیخ حسن جوہری کی رہائی کو یقینی بنائے اور خطے میں بے چینی پھیلانے سے باز رہے۔ اگر انتظامیہ مجبور کرے تو غلام حسین اطہر کی احتجاجی تحریک کو پورے خطے میں پھیلانے پر مجبور ہوں گے۔ آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں مثالی امن و رواداری اور بھائی چارگی کی اصل وجہ یہاں کے شریف النفس عوام اور علماء ہے۔ ان دونوں طبقات کے خلاف انتطامی رویہ انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ عوامی حقوق کے ترجمان شیخ حسن انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ واضح رہے کہ آج اسکردو یادگار شہدا پر شیخ حسن جوہری کی گرفتاری کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس احتجاجی مظاہرہ میں انجمن تاجران کے رہنما سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے خطاب کیا۔