وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تاجدار امامت کے ساتویں تاجدار کی شہادت کے موقع پر عالم اسلام کو تسلیت پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امام موسی کاظم ؑ کی زندگی حق و صداقت کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے لیے نمونہ عمل ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا طویل ترین عرصہ قید میں گزارنا قبول کیا لیکن ظالم و جابر حکومت کے سامنے سر خم نہیں کیا۔ فرزند رسول حضرت موسی کاظم ؑ کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ جیل کی تاریکیوں میں کلمہ حق بلند کرتے رہنا اصل آزادی اور اسی قید کی حالت میں مرجانا اصل زندگی ہے جبکہ ظالم و جابر اور اسلامی شعائر کی تضحیک کرنے والوں کے ساتھ زندہ رہنا اصل موت اور غلامی ہے۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ شہاد ت اور زندان کی تاریکیاں حق پرستوں کے لیے اعزاز اورخدا کی عنایت میں سے ہے۔ حق کی خاطر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنا آزاد انسان کی نشانی ہے۔ امام مظلوم نے ائمہ علیہم السلام میں سب سے زیادہ قید کی زندگی گزاری اور زندان میں ہی شہید ہوئے۔امام ؑ نے ہتھکڑیاں قبول کیں، زندان قبول کیے اور آخر میں شہادت کو بھی قبول کیا لیکن وقت کے ظالم حکمران کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ عہد حاضر میں دین اور حق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے لیے امام موسیٰ کاظم ؑ کی مزاحمتی زندگی ایک عظیم نمونہ عمل ہے۔ امام ؑ نے اپنے کردار سے ثابت کیا کہ حق کی خاطر کوئی قیام کرے تو دنیا کی کوئی طاقت بھی انہیں نہیں جھکا سکتی۔ حکومتیں سر تن سے جدا تو کر سکتی ہیں لیکن سر کو جھکا نہیں سکتی۔