وحدت نیوز(گلگت)ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان غلام عباس نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین ملکی ترقی و استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا جب تک استعماری طاقتوں کے چنگل سے آزاد نہیں ہونگے۔ عالمی استکبار اپنے لاؤ لشکر کے ساتھ اسلامی ممالک کا رخ کئے ہوئے ہے جبکہ مسلم حکمران خواب غفلت میں پڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے صوبائی کابینہ کے عہدیداروں کے اجلاس میں کہا کہ ملک عزیز پاکستان جب سے آزاد ہوا ہے تب سے یہ ملک اندرونی و بیرونی سازشوں کا شکار رہا ہے۔استعماری طاقتیں کبھی نہیں چاہیں گی کہ یہ ملک اپنے فیصلے کرنے میں آزاد و خودمختار ہو اور اپنی خارجہ پالیسی کو اپنے ملک کے عوام کے بہتر مفاد میں مرتب کرے۔
بدقسمتی سے آج تک نہ تو ہماری خارجہ پالیسی آزاد ہے اور نہ ہی ہمیں اپنے ملک کے فیصلے کرنے کا اختیار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج تک پاکستان ترقی کی سیڑھی پر ہی نہیں چڑھ سکا ہے۔ ملک قرضوں کے بوجھ تلے ڈوبا ہوا ہے اور عوام مہنگائی سے نالان و پریشان ہیں اور حکمرانوں کی دولت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ملک کا بھاگ ڈور بھکاریوں اور چوروں کے حوالے کرکے پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین حقیقی آزادی کی تحریک میں امریکہ مخالف بیانئے اور ملک کو استعماری طاقتوں کے چنگل سے آزاد کرانے کیلئے میدان میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو سپر پاور سمجھ کر گھٹنے ٹیکنے والے جان لیں کہ پاکستان کے عوام اب جاگ چکے ہیں اور وہ کسی طور غلامی کو قبول نہیں کرینگے۔