وحدت نیوز(روندو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے جنرل سیکرٹری حجت الاسلام ڈاکٹر مشتاق حکیمی کی طرف سے طورمک یوچنگ کے عوام کو پینے کے صاف پانی فراہم کرنے کیلے واٹر پائپ لائن منصوبہ کا اعلان کیا تھا جس پر عمل در آمد شروع ہوگیا ہے اور علاقے کے لوگوں نے منصوبے پرکام کا آغاز کردیا ہے۔
علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم نے پہلے بھی طورمک کے بعض گاوں میں واٹر سپلائی سکیم رکھا تھا اور ہمیشہ عوامی مسائل حل کرنے میں کوشاں ہے اور موجودہ واٹرسپلائی اسکیم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر آغا سید علی رضوی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مشتاق حکیمی سمیت ایم ڈبلیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم نے یوچنگ والوں کا دیرینہ مطالبہ حل کردیا جس پر ہم انکے مشکور ہیں۔
اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری شیخ مشتاق حکیمی نے کہا کہ عوامی خدمت ہمارا منشور ہے اور ہم اپنے منشور پر عمل پیرا ہیں۔ گلگت بلتستان میں جہاں بھی عوام مسائل سے دوچار ہو وہاں مجلس وحدت المسلمین ان کے حل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے گی اور عوام کی دادرسی کےلئے ہمیشہ صف اول میں رہیں گے اور طورمک کے دیگر محلوں میں بھی پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے کوشش کریں گے جوکہ طورمک کا دیرنہ مطالبہ ہے۔اس دیرینہ مطالبے اور ضرورت کے پیش نظر یہ سکیم رکھی گئی ہے اور امید ہے کہ اس سکیم سے عوام کی مشکلات قدرے کم ہونگی۔
ڈاکٹر حکیمی کا کہنا ہے کہ اس پہلے بھی ہم روندو سمیت دیگر علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے پائپ فراہم کرتے آرہے ہیں انشاء اللہ مستقبل میں بھی عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر تے رہیں گے۔یاد رہے ڈاکٹر مشتاق حکیمی نے روندو کے مختلف علاقوں میں اب تک ایک لاکھ اسی ہزار فٹ سے زائد پائپ بچھایا ہے۔