وحدت نیوز(روندو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ ڈاکٹر مشتاق حکیمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاراچنار کے علاقہ تری مینگل میں اساتذہ کا قتل درحقیقت علم دشمنی ہے۔خیبرپختونخوا کے علاقہ پاراچنار تری مینگل میں امتحانی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ کا قتل اکیسویں صدی کا علم دشمنی کا بدترین فعل ہے۔جس دور میں ہر کوئی علم کی شمع جلانے کی کوشش کرتا ہے ایسے میں پاراچنار کے علاقے کو نا امن دکھانے کے لیے انبیاء کے پیشہ تعلیم سے مربوط اساتذہ کو دھشتگردی کی بھینٹ چڑھایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ملکی موجودہ حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے کی جانے والی ایک سازش ہے اور اسے شیعہ سنی فسادات کا رنگ دیکر ایکبار پھر سے امت مسلمہ کو لڑایا جائے گا اور یوں وہ مفاد پرست ٹولہ اپنے مذموم عزائم کو عملی جامہ پہنائے گا۔ہم اس گھناونی سازش میں شریک ہر فرد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردی کو پروموٹ کرنے کے بجائے انسانیت اور ملک کے دشمن عناصر کو فی الفور بےنقاب کرے اور قرار واقعی سزا دے۔