وحدت نیوز(گلگت) کوئی سوچے بھی نہیں کہ مجلس وحدت مسلمین ان حالات سے خوفزدہ ہو کر پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ جائے گی بلکہ پہلے سے بھی ذیادہ مضبوطی سے ساتھ دیگی۔ بعض شکست خوردہ عناصر جو سیاست کے میدان میں مقابلہ نہیں کر سکتے وہ دیگر حربے استعمال کر رہے ہیں، ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں آنے والا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین جی بی کے رہنما اور معاون خصوصی وزیر اعلیٰ الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور مجلس کی قیادت ایسے لیڈر کر رہے ہیں جن کو نہ لالچ دیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کوئی خوفزدہ کر سکتا ہے اور علامہ ناصر عباس جعفری کا شروع دن سے یہ موقف رہا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے، اس کی خارجہ و داخلہ پالیسی آزاد ہونی چاہیے اور اقوام عالم سے برابری کی سطح پہ تعلقات استوار ہونے چاہیں۔ ملکی آئین پہ عملدرآمد ہونا چاہیئے جو کہ ملک میں افراتفری اور معاشی غیر یقینی صورت حال پر قابو پانے کا واحد راستہ ہے۔
انہوں نے کہا قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس کے حکم پر مجلس وحدت خالد خورشید کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے بدترین سہولت کار الٹا مجلس پر سہولت کاری کا الزام لگا رہے ہیں۔ خالد خورشید کا دور دیگر دو حکومتوں سے کامیاب دور رہا ہے، جس پر کرپشن، اقربا پروری اور فرقہ واریت کا کوئی الزام نہیں اور سوائے سہولت کاروں اور سیاسی شکست خوردہ عناصر کے پورے گلگت بلتستان کے عوام وزیر اعلیٰ خالد خورشید سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا ایک سال سے حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو حکومتی اتحاد کے سامنے سواۓ شرمندگی کے کچھ نہیں ملا ہے اور انشااللہ خالد خورشید اپنا پانچ سالہ حکومتی مدت پوری کرینگے۔
ایم ڈبلیو ایم وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کیساتھ کھڑی ہے، الیاس صدیقی