وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فدا حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے نام نہاد امیر نے کربلا کے بارے میں مبہم بیان دے کر نہ صرف مقدسات اسلام کی توہین کی ہے بلکہ اکابرین اہل سنت کی بھی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق و باطل کربلا کو مشکوک اور اصحاب کی جنگ قرار دے کر انہوں نے توہین رسالت (ص) و توہین اہلبیت (ع) کی ہے، یہ جرم ناقابل معافی ہے۔ ان کا یہ بیان شعوری ہو یا لاشعوری ہر دو صورت میں انہوں نے مقدسات اسلام کی توہین کی ہے اور اہل سنت اکابرین کی تعلیمات کے خلاف بغاوت کی ہے۔ انہوں نے کہا منور حسن کے اس مذموم فعل سے نہ صرف دنیا بھر میں بسنے والے اہل تشیع کو صدمہ پہنچا ہے بلکہ اسلام محمدی (ص) کے تمام پیروکاروں کو دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہیں دوبارہ میڈیا پہ آ کر اس بات کی وضاحت کرنی چاہیئے اور تمام ملت اسلامیہ سے معافی مانگنی چاہیئے، لیکن مجھے امید ہے وہ ایسا نہیں کریں گے کیونکہ امیر جماعت اسلامی اصلی تعلیمات اور ہدف سے ہٹ کر دہشت گردوں کی ترجمانی اور سیاسی ونگ کا کردار ادا کرنے میں مصروف ہیں۔