وحدت نیوز(روندو) وفاقی حکومت کی طرف سے گلگت بلتستان میں گندم کی قیمت بڑھانے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن تحصیل روندو کے زیراہتمام گلگت اسکردو روڈ پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رضا انصاری، رہنما پی پی پی اقبال دلبر، سید مہدی ہرداس، الطاف عابدی نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ گندم کی قیمت میں اضافہ معاشی قتل کے مترادف ہے، حکومت اپنے ظالمانہ اقدامات کے ذریعے عوام سے جینے کا حق چھیننے کے درپے ہو گئی ہے۔ مقررین نے کہا کہ گندم کی قیمت کو پرانی سطح پر نہ لایا گیا تو احتجاجی تحریک کا سلسلہ بڑھایا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں گلگت بلتستان کو حصہ دیا جائے ،گندم کی قیمت بڑھانے سے قبل گلگت بلتستان کو دریائے سندھ کی رائیلٹی دی جائے اور بیرونی ملک سفارت خانوں میں گلگت بلتستان کے افراد کو بھی خصوصی کوٹہ دیا جائے۔