وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ علماء کونسل گلگت ڈویژن کے ایک مشترکہ وفد نےسیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان سے یوم حسین (ع) کے سلسلے میں خصوصی ملاقات کی۔ وفد میں ایم ڈبلیو ایم کی نمائندگی صوبائی سیکرٹری سیاسیات غلام عباس اور شیخ عاشق قمی نے کی جبکہ ایس یو سی کی طرف سے شیخ شہادت، فقیر شاہ اور آغا اظہر کاظمی موجود تھے ۔ وفد نے سیکرٹری داخلہ کو جامعہ قراقرم میں یوم حسین (ع) کے سالانہ پروگرام میں یونیورسٹی انتظامیہ بالخصوص وائس چانسلر کی جانب سے بعض مٹھی بھر شرپسندوں کے دباو میں آ کر رکاوٹیں ڈالنے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ سے اس مسئلے کے پرامن حل اور یوم حسین (ع) کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار اداء کرنے کی اپیل کی اور واضح کیا کہ ملت جعفریہ اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس مسئلے کے پرامن حل کیلئے اپنا بھرپور کردار اداء کریں گے اور اس حوالے سے انتظامیہ کی اہم میٹنگ کا انعقاد ہوگا۔