وحدت نیوز(مظفرآباد) کشمیر پر بھارتی مظالم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی ’’تحریک حمایت مظلومین کشمیر‘‘ کو سوشل میڈیا پر بھرپور پزیرائی، سینکڑوں افراد نے تحریک کے مونوگرام کو پروفائل فوٹو اور ڈی پی لگا لیا، مجلس وحدت مسلمین کے آفیشل پیجز سے پوسٹس شیئر کی گئیں ۔ آج تحریک کا تیسرا دن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے زیر اہتمام تحریک حمایت مظلومین کشمیر کے ترجمان سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کا مقصد غاصب ،ظالم و جابر بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہے ۔ جو ایک طرف تو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے جب کہ کشمیر کے اندر نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔ باپ کے سامنے بیٹے اور بہن کے سامنے بھائی کو قتل کردیا جاتا ہے ۔ ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال سے ایک سے ایک پوری نسل کو اپاہج بنایا جا رہا ہے ۔ جبکہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے لیے پرامن تحریک چلائے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس تحریک کے ذریعے پہلے مرحلے پر پرنٹ اور سوشل میڈیا کو فوکس کیا گیا ہے ۔ اگلے مرحلے میں بھارت کے خلاف ایک دستخطی مہم کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اندر سے کھوکھلا ہوتا جا رہا ہے خود اس دیش میں سکھوں کی علیحدگی کی تحریک زور پکڑ رہی ہے لیکن مودی سرکار اندر کا غصہ اور غبار نکالنے کے لیے مظلوم کشمیری عوام پر ظلم کر رہی ہے ۔ ایسے حالات میں اقوام متحدہ کو دنیا بھر میں مسلمانوں بہتا خون نظر کیوں نہیں آتا ۔ اس تحریک کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے بجائے اسکارٹ لینڈ یارڈ طرز پر ریفرنڈم کروایا جائے ۔ اس استصواب رائے کو خود اقوام متحدہ کی قراردادوں میں انڈیا تسلیم کر چکا ہے ۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروائے اور ظالم بھارت راہ فرار اختیار کرنے کے بجائے راہِ راست پر آئے۔