وحدت نیوز(مظفرآباد)سینئر صحافی صدر مظفرآباد پریس کلب،بیوروچیف روزنامہ نوائے وقت سلیم اختر پروانہ دنیا فانی سے کوچ کر گئے۔ سلیم اختر پروانہ اعلیٰ اقدار کے حامل، انتہائی ملنسار، وضعدار اور خُددار شخصیت کے حامل تھے۔ سلیم پروانہ کا شمار آزاد کشمیر کے ٹاپ کلاس کی صحافی برادری میں ہوتا تھا وہ چند پرانے ساتھیوں میں سے تھے جنہوں نے ہمیشہ صحافتی روایت کو برقرار رکھا ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی، سیکرٹری یوتھ سید اسد علی بخاری،سیکرٹری میڈیا سیل سید وقارکاظمی،سیکرٹری روابط سید عامر نقوی اور ضلعی سیکرٹری جنرل مظفرآباد سید غفران علی کاظمی نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کیا۔
علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ سلیم پروانہ کی وفات سے جہاں صحافتی برادری کا بڑا نقصان ہوا ہے وہاں سول سوسائٹی مظفرآباد ایک اچھے رہنما سے محروم ہوگئی مجھے سلیم پروانہ صاحب کے ساتھ سول سوسائٹی فورم پر لمبا عرصہ کام کرنے کا موقع ملا۔ سلیم پروانہ صاحب ایک انتہائی عظیم انسان،انتہائی شفیق انسان، انتہائی ایماندار انسان اور اعلیٰ صحافتی اقدار کے حامل تھے سلیم اختر پروانہ اپنے وجود میں ایک مکمل تنظیم تھے وہ ان کا وجود ہر جگہ خود کو خود ثابت کرتا تھا خاص طور پر جو سول سوسائٹی فورم کسی وقت میں بہت متحرک ہوتا تھا اس میں سلیم پروانہ صاحب سب سے نمایاں ہوتے تھے۔ جیسے اطلاع دی گئی کہ پہلے ان کی ہمشیرہ کا انتقال ہوا رات میں خود انہیں ہارٹ اٹیک ہوا وہ دار فانی سے کوچ کر گئے۔
میری کچھ عرصہ پہلے ان سے ملاقات ہوئی تھی بتا رہے تھے مجھے ہارٹ کا مسئلہ چل رہا ہے لیکن اللہ تعالی کو یہی منظور تھا کہ ہزاروں سوگواروں کو چھوڑ کے اپنے چاہنے والوں کو چھوڑ کر خصوصا اپنے خانوادے کو سوگوار چھوڑ کر دار فانی سے دار بقاء کی جانب کوچ کر گئے اللہ تعالی انہیں اور انکی ہمشیرہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اللہ تعالی انکی قبر کو اپنے نور سے روشن و منور فرمائے اللہ تعالی ان کے آخرت کے منازل آسان فرمائے اللہ تعالی ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائےاوریہ دوہرا صدمہ صبر وحوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔