وحدت نیوز (مظفرآباد) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا ہے کہ امام حسین ؑ کی عظیم قربانی کی یاد منانا عین عبادت ہے، امام حسین ؑ دین کی راہ میں قرآنی اصولوں کی سرفرازی اور اقدار کے احیاء کے لیے اپنی جان ، مال ، اولاد سب کچھ قربان کر گئے۔ آپ کی عظیم قربانی انبیاء ؑ کی محنتوں تبلیغات اور کاوشوں کا تحفظ بھی کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجہوئی میں جلوس عزا سے خطاب کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ اور توحید پرور دگار اور آسمانی کتب کی حقانیت کے لیے جنگ کی۔ کربلا کی جنگ کسی اقتدار کے لالچ یا حکومت کے حصول کے لیے نہ تھی، بلکہ خیر و شر اور حق و باطل کا معرکہ تھا۔ جس کے اختتام پر اگرچہ امام حسین ؑ شہید ہو گئے ، آپ کے انصار و اعوان ، خانوادہ کے افراد جام شہادت نوش کر گئے ۔ خانوادہ کے باقی ماندہ افراد اور خواتین کو بے مقنہ و چادر قیدی بنا لیا گیا ۔لیکن ان سب کے باوجود قیامت تک فتح حق اور خیر کی ہوئی ۔ اور شکست شر و باطل کا مقدر ٹھہری ، آج پوری دنیا میں جہاں بھی حق و حقیقت کے علمبردار رہتے ہیں وہ امام حسین ؑ کو اپنا ہیرو اور رہبر مانتے ہیں ۔ جبکہ امام حسین ؑ نے وقت کے طاغوت و استبداد کے خلاف جو مجاہدت فرمائی اس کے نتیجے میں دنیا بھر کی حریت پسند تحریکیں امام عالی مقام ؑ کو اپنا قائد تسلیم کرتی ہیں ۔علامہ تصور جوادی نے کہا کہ آج بھی امام حسین ؑ کے عزم و استقلال اور مقاومت و ثابت قدمی سے سبق حاصل کر کے اپنے اپنے دور اور علاقے کی طاغوتی قوتوں سے نبرد آزما ہیں ، امام کی یاد میں منعقد ہونے والی مجالس و محافل میں بھی ضرورت اس چیز کی ہے کہ امام حسین ؑ جیسی مقاوم و ثابت قدم شخصیت کی زندگی ، اور جہاد کے ان پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے ۔