وحدت نیوز (مظفرآباد) مقبوضہ کشمیر میں نکالے جانے والی ریلی ہندوستان کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے، ہندوستان کا قبضہ غاصبانہ ہے، 7لاکھ کی فوج وادی میں رکھنے سے دلوں پر ہر گز حکمرانی نہیں کی جا سکتی ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر کے رہنماؤں علامہ سید تصور جوادی،علامہ افتخار الحسن جعفری ،سید تصور عباس موسوی، سید حسین سبزواری، عابد قریشی نے ریاستی دفتر سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں کیا ، انہوں نے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈے چھوڑ کر کشمیری عوام کی امنگوں کا احترام کرے، مقبوضہ کشمیر میں نکالے جانے والی ریلی بھارتی حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم تھی، عوام نے یہ ثابت کر دیا کہ بھارت غاصب ہے ، 7لاکھ فوج کے ساتھ ظلم و بربریت کی داستانیں تو رقم کر رہا ہے ، لیکن وہ کبھی بھی ہمارے دلوں کو نہیں خرید سکتا ، ہمارے دلوں پر حکمرانی نہیں کر سکتا۔
رہنماؤں نے کہا کہ ہم سلام پیش کرتے ہیں مظلوم و محکوم عوام کو کہ جنہوں نے صبر ، حوصلے و جرأت سے اپنے حق کے لیئے آواز اٹھائی، مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ لازوال محبت کے عزم کا اعادہ کیا، ایک طرف ان کے لاشے گر رہے ہیں ، لوٹ مار کا بازار گرم ہے ، دوسری طرف انہوں نے اپنے حق کے لیئے آواز اٹھائی ۔پاکستان و پاکستانی عوام بھی اپنے ان مظلوم و محکوم بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، مجلس وحدت مسلمین مظلوموں محکوموں کی جماعت ہے، جہاں بھی ظلم ہو گا ، دنیا ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑا پائے گی، ہم مظلوم کی حمایت سیاست نہیں عبادت و فرض سمجھ کر کرتے ہیں ۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ مشکل کی ہر گھڑی میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے ان مظلوم و محکوم بھائیوں کی مدد کے لیئے اقدامات کرے، باہر کے حالات سدھارنے سے پہلے گھر کے معاملات کو درست کرے، حکومت پاکستان کسی دوسرے ملک کی سفارتکاری کے بجائے اپنی شہ رگ کشمیر کے لیئے سفارتکاری کرے، دنیا کو دکھلائے کہ کشمیر میں کس طرح نام نہاد جمہوریت ظلم کی المناک داستانیں رقم کر رہی ہے، مسئلہ کشمیر پر جرأت مندانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے اقوام عالم کی توجہ اس جانب مبذول کروائے۔