وحدت نیوز (مظفرآباد) مقبوضہ کشمیر ،پنڈتوں کی علیحدہ بستیاں قائم کرنے کا فیصلہ سازش ،ریاست جموں وکشمیر میں عدم رواداری پیدا کرنے کی سوچ کا عکاس ہے ،پنڈتوں کیلئے اپنے گھروں کو واپس آنے کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں،اسرائیلی تجربہ سے مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی سازش تمام کشمیری ملکر ناکام بنادینگے ،بھارت کشمیر کی غالب اکثریت مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے سربراہ علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے ریاستی کابینہ سے خطاب کے دوران کیا ہے۔
اُنھوں نے کہا ہے کہ پاکستان ،دُنیا کی مہذب قوموں ،انسانی حقوق کی تنظیموں ،اقوام متحدہ کو کشمیریوں کی تشویش سے آگاہ کرے ،بستیاں قائم کرنے کا فیصلہ بھارت سرکار کی گھناؤنی سازش ہے ،جسے ناکام بنانے کیلئے آزادکشمیر پاکستان سمیت دُنیا بھر میں موثر آوازاُٹھانے کی ضرورت ہے ،صف بندی کی جائے ، پنڈتوں کیلئے الگ بستیوں کا آئیڈیا اسرائیل سے لیا گیا ،جہاں مختلف ممالک ،ریاستوں سے لاکر پنڈت آباد کئے جائینگے ،بہرصورت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ناکامی سے دوچار کی جاسکے ،مقبوضہ کشمیر پر ریاستی جبر اور مکاری کا ہر ہتھکنڈہ ناکام ہوچکا ،اب بھارتی قیادت کٹھ پُتلی انتظامیہ نسلی بنیادوں پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیخلاف گھناؤنی سازش کر رہاہے ، پنڈت کشمیری معاشرے کا حصہ ہیں اُنھیں مسلمانوں سے کوئی شکایت نہیں ،اسرائیلی طرز پر پنڈتوں کیلئے بستیوں کے قیام ،بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں شکست کو ظاہر کرتا ہے ۔
علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے شوریٰ سے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں نے اس سے پہلے بھی ایسی سازشوں کوناکامی سے دوچار کیا ،اور اب بھی کشمیریوں کی نمائندہ قوت حُریت کانفرنس بھارتی سازشوں کیخلاف متحد ہے ،پاکستان ،مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حق کود ارادیت کی جدوجہد کیخلاف بھارتی سازش کا توڑ کرے ،دُنیا کی آزادی پسند ،انسان دوست قوموں تنظیمات کو اس ایشو پر متوجہ کرے ،آزادکشمیر کی قیادت اپنی دیگر سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرکے آزادکشمیر،پاکستان سمیت دُنیا بھر میں بھارتی سازش کیخلاف موثر آوازاُٹھائے،اُنھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر مین بھارتی ایماء پر پنڈت بستیوں کے قیام کی سازش کشمیر کی حُریت پسند قوم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیگی ،کیونکہ پوری کشمیری قیادت اس اہم معاملہ پر ایک پیج پر ہے ،اور جدوجہد آزادی میں دی گئی قربانیون کو رائیگان نہیں جانے دیا جائیگا،علامہ تصور جوادی نے آزادکشمیر کی حکومتی سیاسی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ آزادخطہ کو تحریک آزادی کا حقیقی بیس کیمپ بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے ،اوریہاں سے پنڈت بستیوں کیخلاف موثر آوازبلند کرنے کیلئے صف بندی پر توجہ دی جائے ،مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کے حوالے سے آزادکشمیر کی قیادت پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ۔