وحدت نیوز (چناری) یمن کے مسئلے کو حرمین شریفین سے نہ جوڑا جائے، حرمین شریفین دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح یمن کے حوثی شیعہ اور شافعی المذہب سنیوں کے لیئے بھی یکساں مقدس ہے، آلِ سعود یمنی عوام کے حق خود ارادیت کو لوگوں کے جذبات برانگیختہ کر کے کچلنا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام اور مقتدر مذہبی و سیاسی حلقے یمن کی جنگ کو حرمین شریفین سے علیحدہ کر کے دیکھ رہے ہیں اور یہی حق بھی ہے ، حرمین شریفین حجاز مقدس ہر مسلمان کے لیئے لائق احترام ہے اور ان مقدسات کا دفاع واجب ہے ،ان مقامات کی حرمت اور جنت المعلیٰ و جنت البقیع کے قبرستانی کی ویرانی پوری دنیا کو آل سعود کی عقیدت اور احترام کی جھلک دکھلارہی ہے ، خدا نہ کرے حرمین شریفین پر ایسا وقت آئے ، اگر ایسا وقت آیا تو ہر فرد دفاع کے لیئے حاضر ہو گا، ریاض کی طرف سے اگر کسی پر جارحیت ہو تو اسے حرمین شریفین سے جوڑنا قرین انصاف نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے ضلع ہٹیاں بالا کے دورے کے دوران مختلف زعماء و شخصیات سے ملاقات کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ آج عرب لیگ اپنے پاؤں پر امریکہ اور اسرائیل کے اشاروں پر کلہاڑا مارنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ہمارا سوال ہے عرب لیگ کے رکن ممالک سے ، اس وقت کہ جب غزہ پر ظلم کی المناک داستان رقم کی جارہیں تھیں اور بچے اور بوڑھے بلک بلک کر مر رہے تھے تم نے اس وقت کیوں نہ مشترکہ فوج بنائی ؟ اس وقت تو تم نے چپ کا روزہ رکھا تھا۔مقام افسوس ہے کہ پاکستان کے حکمران ملکی حالات پر توجہ دینے کے بجائے دوسرے کی جنگ میں کودنے کی باتیں کر رہے ہیں،حالانکہ افغانستان جنگ میں جن حالات سے گزرنا پڑا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ،پاکستان بحمداللہ ایٹمی طاقت ہے، پوری دنیا میں مسلم امہ کے مسائل کے حل میں اسے قائدانہ اور ثالث کا کردارادا کرنا چاہیے ، ہماری افواج دہشتگردی کے خلاف ملک کے اندر بھی مشغول ہے اور سرحدوں پر بھی خطرات ہمہ وقت منڈلاتے رہتے ہیں ، ایسے حالات میں بہادر و جری جوانوں کو نئے امتحان میں ڈالنا خلاف عقل ہے، علامہ تصور جوادی نے کہا کہ جس طرح پاکستان محصورین کی واپسی ہوئی ہے اور راستے میں حوثی قبائل نے ان کی خاطر تواضع کی ہے ، اگر یہ لوگ تکفیری گروہ کے ہتھے چڑتے ایک بھی واپس نہ آتا، لوگ اپنے حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں کوئی طاقت ان کے حقوق کے حصول سے نہیں روک سکتی ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عرب ممالک یمن کے بجائے اسرائیل پر دباؤ بڑھائیں تا کہ وہ غزہ کی پٹی پر مسلط ناکہ بندی ، یہودی بستیوں کی توسیع اور شہروں میں بستیوں کی تعمیر بند کرے۔ تفصیلات کے مطابق ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ،ریاستی سیکرٹری اطلاعات مولانا سید حمید حسین نقوی اور ضلعی سیکرٹری جنرل سید منور حسین کاظمی نے ہٹیاں بالا کا دورہ کیا ، دورے کے دوران مختلف زعماء و شخصیات نے ان سے ملاقاتیں کیں ، جبکہ علامہ تصور جوادی نے شہید سید رضوان اختر کاظمی کی مجلس چہلم سے بھی خطاب کیا۔