وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل قندیل زہرا کاظمی نے سانحہ عاشور راولپنڈی کی سازش بے نقاب کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ کے بعد وہ نام نہاد علما و دانشور منہ چھپاتے پھر رہے ہیں جو سانحہ کے دوران ملت تشیع کو اس واقعہ کا ذمہ دار ثابت کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے تھے۔ اول روز سے ایم ڈبلیو ایم کا یہ موقف رہا ہے کہ پاکستان کے کسی بھی حصے میں شیعہ سنی اختلافات قطعی طور پر نہیں ہیں۔ہم نے اخوت و وحدت کا ہمیشہ عملی مظاہرہ کیا ہے۔راجہ بازار مسجد کو آگ لگانے کی سازش کا مقصد راولپندی کی پرامن فضا کو آلودہ کر کے فرقہ واریت کی آگ کو پورے ملک میں پھیلانا تھا۔اس موقعہ پر شیعہ سنی اکابرین نے جس دانشمندی اور بصیرت کا ثبوت دیا وہ لائق تحسین ہے۔سانحہ کے پس پردہ تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ عاشور کی سازش آشکار ہونیکے بعد ہمارے نوجوانوں پر مقدمات کا کوئی جواز نہیں رہتا ہمارامطالبہ ہے کہ اس ایف آئی آر کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے فی الفور خارج کیا جائے۔۔