وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی آواز بن کر ابھری ہے ، ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ نوجوان دیانتدار اور کرپشن سے پاک نمائندوں کو انتخابات کیلئے ٹکٹ سے نوازا ہے ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام حلقہ پی بی 27کے انتخابی جلسہ سے نامزد امیدوار آغا رضاو شعبہ خواتین کے سیکرٹری جنرل رقیہ بی بی ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ مظلوموں کے حقوق کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آواز بلند کی ہے اور ہمیشہ کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ اور شہداء کے بچوں کو کفالت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری کیلئے اقدامات ایم ڈبلیو ایم کی جدوجہد کا محور ہے جس سے کوئی بھی ذی شعور انکار نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق اور انکو تعلیم کی فراہمی سے ہی ایک ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے جس کیلئے ماڈل تعلیمی اداروں کا قیام اور غیر نصابی سرگرمیوں کا فروغ ایم ڈبلیو ایم کا مشن ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائیگا جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مظلوموں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار آغا محمدرضا کی غیر معمولی مقبولیت کی دلیل ہے ، حلقہ کے عوام انتخابات میں ایم ڈبلیو ایم کے امیدواروں کو کا میاب بنائیں تاکہ علاقے میں جاری ترقی کے سفر کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے ۔