وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی خانم زھرا نقوی نے سال نو کی مناسبت سے اپنے پیغام میں امام علی ع کا قول نقل کرتے ہوئے کہا
امیرالمومنین امام علی علیہ سلام کا فرمان ہے .... تمہاری عمر کا جو حصہ گزرچکا وہ ختم ہوگیا جو آنے والا ہے وہ نا قابل یقین ہے، لہذا موجودہ وقت کو (عمل کے لیے) غنیمت جانو ۔۔!!
سیدہ زہرا نقوی نے کہاکہ سال 2018 کا سورج غروب ہوگیا اور اب نئے سال 2019 کی صبح طلوع ہو چکاہے ۔سال نو میں کامیابیاں سمیٹنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ سال گزشتہ میں اپنی خامیوں اور کوتاہیوں کا احتساب کیا جاے اور اپنے کردار و رفتار کو پرکھا جائے ، اپنا محاسبہ کیا جائے کہ کب کہاں ہم نے غلطی کی, گزرے ہوے 365 دن پر غور و فکر کریں کہ کیسے گزارے اور کہاں گزارے تاکہ آنے والے 365 دنوں کے لیے بہتر منصوبہ بندی کی جاسکے ، اوراپنی گزشتہ کمی و کوتاہیوں کا ازالہ کیا جاسکے ۔
انہوں نے کہاکہ سال نو ہمارے لیے نئ امیدیں ، نئے عزم و ارادے اور نئے جوش و ولولے لاتا ہے ، نیا سال ہمیں موقع دیتا ہے کہ وقت کو غنیمت سمجھو اور اس سے بھرپور استفادہ کرو ، وہ قومیں جو اپنے وقت کی قدر کرتی ہیں ہمیشہ سربلند رہتی ہیں اور کامیابیاں ان کے قدم چھوتی ہیں ، ایک منظم اور کامیاب و کامران قوم بننے کے لیے ہمیں اپنی ماضی کی تلخیوں کو شیرینی میں بدلنا ہوگا اور اس کے لیے وقت کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا یہ امکانات کی دنیا ہے ، یہاں کچھ ناممکن نہیں اگر ہم اپنے وقت اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ، اپنے ارادے مظبوط اور نگاہ منزل مقصود پر مرکوز رکھیں تو کامیابی یقینی ہے ۔
انہوںنے مزید کہاکہ خداوند عالم سے دعا کرتے ہیں کہ سال نو ہمارے لیے کامیابی و مسرتوں کا سال ہو اور ہمارا ملک اس سال میں امن امان کا گہوارہ بنے اور خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن ہو ، ماضی کے تلخ واقعات کبھی نہ دوہراے جائیں، دہشتگرد اور کالعدم جماعتوں کا قلع قمع کیا جاے تاکہ یہ قوم سکھ کا سانس لے اور اپنے ملک کے استحکام ،امن اور خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور مثالی کام سرانجام دے کر ملک کا نام اونچا کریں۔ ۔۔ آمین