وحدت نیوز (کراچی) مجلسِ وحدت مسلمین کراچی شعبہ خواتین کی جانب سے تربیتی و تنظیمی نشست کا اہتمام کیاگیا جس میںمرکزی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم پاکستان شعبہ خواتین محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے خطاب کیا،پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے خواہر ناظمین نے کیا جسکے بعد محترمہ زہرہ نقوی نے انتہائی مفصل انداز میں ملکی سیاست میں خواتین کے کردار کے حوالے سے روشنی ڈالی۔آپ نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ تحریک پاکستان کے آغاز سے ہی باہمت اور بلند حوصلہ خواتین اس عظیم جدوجہد کا حصہ رہی ہیں۔اور قدم با قدم پر مشکل میں مردوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھیں۔ اور تاریخ پاکستان میں بےشمار ایسی بلند حوصلہ نامور خواتین کے نام سنہری حروف سے لکھے گئے۔یہ ترقی کا سفر آج بھی جاری ہے اور ملک و ملت کی ترقی میں نمایاں مقام پر ایسی ہی بے شمار خواتین موجود ہیں جو سیاست کے میدان میں بھی مصروف عمل ہیں۔