وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی رکن گلگت بلتستان اسمبلی بی بی سلیمہ نے کہا ہے کہ متنازعہ حیثیت کا تعین کرنے کے لیے متحدہ ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے عوام کو مایوسی ہوئی ہے۔ اس فیصلے سے عوام کو غلامی کی طرف دھکیلا گیا ہے اور بیوروکریسی کو مضبوط کرکے گورنر اور وزیراعلیٰ کے اختیارات کو کم کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔ رکن جی بی اسمبلی بی بی سلیمہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد گلگت بلتستان میں متنازعہ حیثیت کے تعین کے لئے تمام جماعتوں اور عوام کو متحد ہوکر تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان اگر متنازعہ ہیں تو یہاں سی پیک منصوبے اور دیامر بھاشا ڈیم کیسے بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپ وقت آگیا ہے کہ عوام اپنے فیصلے خود کریں۔ خطے کو محرومیوں سے نکالنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔