وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین گلگت کی سیکرٹری جنرل محترمہ سائرہ ابراہیم اور سوشل ویلفیئر سیکرٹری محترمہ جمیلہ نے وحدت ہاوس گلگت میں نو منتخب رکن گلگت بلتستان اسمبلی محترمہ کنیز فاطمہ سے تفصیلی ملاقات کی ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین گلگت بلتستان کے تنظیمی امور اور خطے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر رکن جی بی اسمبلی محترمہ کنیز فاطمہ کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کو مضبوط کرنے کے لیے مختلف پراجیکٹس پر باہمی تعاون سے کام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ اس سیاسی سفر میں تنظیمی منشور پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کرونگی اور اس الہی جماعت پر لوگوں کے اعتماد کو قائم رکھنے اور گلگت بلتستان کی عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرونگی ۔
اس موقع پر محترمہ سائرہ ابراہیم نے نیک تمنات کا اظہار کیا ان کا کہنا تھا گلگت بلتستان کے زمینی حقائق دیگر صوبوں سے یکسر مختلف ہیں یہاں کے لوگ تعلیم یافتہ اور باشعور ہیں۔
انھوں نے کہا خطے کے عوام کو روزگار اور تعلیم و صحت کے بہترین وسائل میسر ہوں تو وہ یہاں سے دوسرے شہروں کو ہجرت نہ کریں اور اپنے خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی مجلس وحدت مسلمین کے مخلص اور صالح اراکین اسمبلی جی بی کے روشن مستقبل کی نوید سنائیں گے۔