وحدت نیوز(چکوال) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی اور مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ بینا شاہ نے چکوال سٹی کا دورہ کیا جہاں علاقے کی فعال اور تنظیمی تجربہ رکھنے والی خواتین سے ملاقات کی اور ایک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی جس میں محترمہ مسرت نقوی کو آرگنائزر جبکہ محترمہ ام فروا، محترمہ صدف زہرا اور محترمہ فاطمہ جعفری کو ڈپٹی آرگنائزر منتخب کیا گیا۔
اس موقع پر محترمہ معصومہ نقوی نے خواتین سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ دشمن کی سازش یہی ہے کہ ہمیں شیعہ سنی کے تفرقے میں الجھا کر آپس میں دست و گریباں کر دے اور خود اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل میں سرگرم ہو جاے ان شاء اللہ کہ ہم دینی اور سیاسی شعور وبصیرت کے ساتھ دشمن کی ہر چال کا مقابلہ کریں گے اور ملک میں امن و رواداری کے پیغام کو عام کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ اپنی ملت اور دین کی سربلندی کےلیے تربیت کے میدان میں خواتین بے شمار خدمات انجام دی سکتی ہیں اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے پلیٹ فارم سے ان شاء اللہ ہم نہ صرف خود سازی بلکہ معاشرے کی بھی دینی اور سیاسی تربیت کا عمل انجام دیں گی تاکہ ظہور امام زمانہ عج کا مقدمہ فراہم کرنے والوں میں ہمارا بھی شمار ہو۔ نو منتخب مسئولین کو ایک سال کا شیڈول دیا گیا جس میں ہفتہ وار دروس و دعا کی محفل کا انعقاد ، معصومین ع کی ولادت و شہادت اور سال بھر کی اہم مناسبتوں پر پروگرامز کا انعقاد کرنا شامل ہے۔