وحدت نیوز(لاہور) اس خدائی عجزے اور عظیم انقلاب اسلامی کے مبارک ثمرات کا دنیا نے مشاہدہ کیا ہے عالمی استعمار نے مسلمانوں کی بھاگ دوڑ اپنے ہاتھوں میں رکھنے اور ان کے تشخص کو مٹانے کے لیے دین سے سیاست کی جدای کا نعرہ لگایا اور اس ناپاک سازش کے ذریعے اسلامی معاشروں کے نظریاتی ، ثقافتی ، دینی اور قومی امور پر تسلط پیدا کرنے میں کامیاب ہوگئی لیکن امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے الہی قیام کے ساتھ نہ صرف غاصب اور اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا بلکہ اسلامئ اصولوں کی بنیاد پر الہی حاکمیت کے قیام کی خاطر ولایت فقیہ کا نظام تشکیل دے کر ایک دینی سیاسی قیادت کا بے مثال نمونہ پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اا فروری انقلاب اسلامی ایران کی بیالیسویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
ان کا کہنا تھا خمینی بت شکن نے ایرانی قوم میں دینی اور سیاسی شعور پیدا کیا اور اڑھائ ہزار سالہ پرانی شہنشاہیت پر مبنی آمریت کا خاتمہ کیا ان کا کہنا تھا امام خمینی نے عالمی سامراج کی تمام تر ناپاک سازشوں کا قلع قمع کیا آپؒ نے اتحاد بین المسلمین کا نعرہ بلند کیا اور مسلمانان عالم میں وحدت کی روح پھونک دی اور انھیں یہ پیغام دیا کہ مسلکی اختلاف سے بالا تر ہو کر ظالم اور غاصب حکمرانوں کے خلاف متحد ہو کر ڈٹ جاو تاکہ خدا کے اذن اور ارادے سے مستکبرین پر مستضعفین اور باطل پر حق کا غلبہ عطا ہو۔
انہوں نے کہا یہ انقلاب اسلامی فقط ایران تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر کے کمزور ، ستم رسیدہ مظلوم و محروم انسانوں کے لیے ڈھارس ہے یہ خط امام خمینی ہے جس پر چلتے ہوے فلسطین و کشمیر کے مظلومین آزادی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا آج رہبر معظم سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ کی بے باک قیادت میں انقلاب اسلامی کا یہ سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے جسکی عزت و سربلندی میں اضافہ جبکہ دشمن ذلیل و رسوا ہو رہا ہے۔