وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے مرکزی وفد نے مرکزی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیوایم آمد کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم جی بی کے ممبران اسمبلی صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم،شیخ اکبر رجائی اور کنیز فاطمہ علی سے ملاقات کی۔ وفد میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد ، مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ بینا شاہ اور مرکزی سیکرٹری یوتھ و سیکرٹری جنرل گلگت محترمہ سائرہ ابراہیم شامل تھیں ۔
وفد نے اس موقع پر تینوں ممبران اسمبلی کو ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خیر مقدم کیا۔اس موقع پر گلگت بلتستان میں خواتین کو درپیش تعلیمی مسائل اور دیگر ایشوز سمیت گلگت بلتستان کے خواتین کو امپاور کرنے اور ان کے لئے روزگار کے مواقع تلاش کرنے سمیت دیگر اہم ایشو پر تبادلہ خیال ہوا۔
سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع کھرمنگ و رکن گلگت بلتستان اسمبلی شیخ اکبر رجائی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تحریک میں خواتین کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا لہذا خواتین کو با اختیار بنانا اور انکے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور خاص کر خواتین کی تعلیم کے حوالے سے موجودہ حکومت سنجیدہ ہے اور اس معاملے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔