وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی نے ماہ شعبان المعظم کی آمد پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ خداوند سبحان نے اپنے بندوں پر کرم و بخشش کرنے کے لیے ماہ رجب شعبان اور رمضان جیسے با برکت مہینے عطا کیے ہیں ماہ شعبان المعظم کے بارے میں ختمی المرتبت حضرت محمد صل اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ ماہ شعبان میرا مہینہ ہے پس قرب خداوندی اور سرور کائناتؐ کی محبت میں اس ماہ میں روزے رکھے جائیں مخصوص عبادات اور اذکار بجا لاے جائیں تاکہ ہم معرفت خدا و رسولؐ کی منازل طے کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا اس ماہ کی فضیلت تو اس بات سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ اس کے آغاز میں عقیلہ بنی ہاشم جناب زینب بنت علی سلام اللہ علیھا کی ولادت ہوتی ہے اور پھر سیدالشہداء امام حسینؑ ، غازی عباس علمدارؑ ، امام زین العابدین ع جناب قاسمؑ و اکبرؑ اور حجت آخر امام مھدی علیھم السلام کی ولادت غرضیکہ نفوس قدسیہ کی آمد کا ایک سلسلہ ہے جو اس ماہ کی رونقوں اور خوشیوں کو دوبالا کرتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا اہلبیت علیھم السلام سے عشق و محبت کا دم بھرنے والوں کے لیے یہ خوشیوں اور روحانی کیفیات سے بھرپور ایام ہیں خداوند عالم سے دعا ہے کہ اہلیبیت علیھم السلام کی خوشیوں کے صدقے تمام محبان و فدایان محمد و آل محمد (ع) کے رنج و غم دور ہوں اور ان پاک ہستیوں کے وسیلے سے ہر ایک کا دامن رزق ، صحت و عافیت سے بھر دے۔