وحدت نیوز(لاہور)ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے ماہ مبارک رمضان کی آمد پر تمام اہل اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوے اپنے پیغام میں کہا کہ پروردگار کا لاکھ لاکھ شکر بجا لاتے ہیں کہ اس نے ہمیں ایک بار پھر اس عظیم مہینے کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹنے کا موقع عطا کیا ماہ مبارک رمضان خدا کے عظیم تحفوں میں سے ایک ہے کہ جس کے ہر ہر لمحے میں پروردگار اپنے بندوں پر رحمت و بخشش اور کرم و انعام کی بارش کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ روزہ انسان کو اپنے نفس کے ساتھ جہاد کرنا سکھاتا ہے اور تقوی الہی کی ترغیب دیتا ہے روزہ دار صبر اور اطاعت جیسی صفات کا حامل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان ماہ قرآن بھی ہے اس ماہ میں ذیادہ سے ذیادہ تلاوت قرآن ، نماز دعا و مناجات کے سلسلے کو قائم کرنا چاہیے یہ خداوند عالم کی ضیافت کا مہینہ ہے اور اس مہینہ میں تمام اہل اسلام کو چاہیے کہ توبہ کے ذریعہ اپنی روح و جان کا تزکیہ کریں تقوی و پرہیزگاری کا لباس پہنیں اور اپنے آپ کو مکارم اخلاق کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ اس الہی اور معنوی ضیافت کی بزم میں حاضر ہونے کے لئے آمادہ ہوجائیں ۔ اللہ تعالی ان نورانی شب و روز کے صدقے میں وطن عزیز کو خوشحالی اور استحکام عطا فرماے اور ہر اندرونی و بیرونی دشمن سے اسکی محافظت فرماے۔ الہی آمین