وحدت نیوز(لاہور)یوم پاکستان کے موقع پر سینیئر رہنما ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے روز قوم اپنے بزرگوں اور بالخصوص قائداعظم محمد علی جناح اور ان کا ساتھ دینے والے مخلص قائدین کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے آج کا دن ایک عظیم تاریخی اہمیت کا حامل ہے نظریہ اسلام کی بنیاد پر ایک اسلامی ریاست کا وجود میں آنا کسی معجزے سے کم نہ تھا برصغیر کے مسلمانوں نے فکر ِاقبال کی روشنی اور قائد اعظم کی قیادت میں دو قومی نظریہ کی بنیاد پر کامیاب جدوجہد کے نتیجہ میں پاکستان جیسا عظیم ملک حاصل کیا جو مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر اور اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔
ان کا کہنا تھا تئیس مارچ کا دن تجدید عہد کا دن ہے کہ جس طرح ہمارے آبا و اجداد نے اس ملک کے حصول کی خاطر اپنی جان و مال قربان کیا اسی طرح آج ہم اس ملک کی بقا سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں اور بانی پاکستان کے تصورات کی روشنی میں وطن عزیز کو سنواریں اور اقوام عالم میں اس کے کھوئے ہوے مقام کو بحال کرنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دیں ۔