وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کے خلاف صوبائی حکومت کے ایماء پر کاٹی گئی ایف آئی آر من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہے جس کی کوئی حقیقت نہیں۔ہم پاکستان کے وفادار شہری ہیں اور دفاع وطن پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائیگا،ہمارے رہنماؤں پر غداری کا مقدمہ درج کروانے والے خود غدار ہیں۔وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات غلام عباس اور مطہر عباس کی گرفتاری بلاجواز اورن لیگ کا یہ اقدام سیاسی انتقام پر مبنی ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی کوآرڈینیٹر محترمہ سائر ہ ابراہیم نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا شعار ہی مظلوموں کی حمایت اورظالموں و جابروں کی مخالفت ہے ،جب تک ہم زندہ ہیں مظلوم قوموں کی حمایت جاری رکھیں گے اور ظالموں سے اظہار نفرت کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ن لیگیوں نے ماہرانہ انداز میں عوامی مینڈیٹ کو چرایا ہے جبکہ مجلس وحدت نے سیاسی بلوغت کا مظاہر کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو اپنی کارکردگی دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اگر صوبائی حکومت انتقام پر اتر آئی تو احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ایک ہی علاقے میں دو الگ الگ قانون نافذالعمل نہیں ہوتے،صاحب اقتدار اور طاقتور کیلئے ایک قانون اور کمزور کیلئے دوسرا قانون۔لہٰذا ریاست کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے ضروری ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں اور مجلس وحدت کے رہنماؤں کے خلاف جھوٹی ایف آئی کو واپس لیا جائے ۔