وحدت نیوز(کراچی/ لاہور/حافظ آباد/گلگت) ولادت باسعادت دختررسول اکرم ﷺ حضرت فاطمتہ الزہراسلام اللہ علیہا کے پر مسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین کت فلاحی شعبے خیرالعمل فائونڈیشن کی جانب سے ہیت امام حسین ؑ کویت کے تعاون سے کراچی، لاہور، حافظ آباد اور گلگت میں چار نو تعمیر شدہ مساجد کا باقائدہ افتتاح کر دیا گیا۔
لاشاری محلہ عیدوگوٹھ، پیپری بن قاسم ملیرمیں مسجد وامام بارگاہ الامام الحجتہ عج کا باقائدہ افتتاح چیئرمین خیر العمل فائونڈیشن پاکستان علامہ سید باقرعباس زیدی کے دست مبارک سے ہوا۔اس موقع پر جشن ولادت حضرت فاطمہ زہراس کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ایم ڈبلیوایم کے ڈویژنل سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی، رضا نقوی، مبشر حسن، میثم عابدی، سجاد اکبر، ضلعی سیکریٹری جنرل ملیر سید احسن عباس رضوی، ضلعی سیکریٹری جنرل شرقی زمان رضوی ، ضلعی سیکریٹری جنرل وسطی زین رضا ،شیعہ علماءکونسل کراچی ڈویژن کے صدرمولانا کرم الدین واعظی ، مولانا فدا علی مفکری ، مولانا منظورحسین، ایم ڈبلیوایم کے رہنما مولانا نشان حیدرساجدی، مولانا منصورروحانی، مولانا انصاف علی حیدری، مولانا صادق حیدری سمیت مومنین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔واضح رہے کہ اس مسجد کا پرانا نام مسجد جمکران تھا جو کہ کا فی خستہ حال اور مومنین کی ضرورت کے عین مطابق نہ تھی، الحمد اللہ ایم ڈبلیوایم کی جانب سے اس کی تعمیر نو کے بعد اس میں مسجد ، امام بارگاہ، کتب خانہ، سرد خانہ اور دیگر سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب شامکی بھٹیاں لاہور میں مسجد، قرآن سینٹر و امام بارگاہ امام باقرؑکا افتتاح بدستِ مولانا حسن ہمدانی صاحب سیکریٹری شعبہ تبلیغات ایم ڈبلیوایم پنجاب اور رائے ناصر علی سیکریٹری شعبہ مالیات پنجاب نے کیا جس میں علا قہ کے مومنین نے بھر پور شرکت کی۔پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد میں مسجدجامع سیدہ المعصومہ (س) کا افتتاح بھی بدستِ مولانا حسن ہمدانی کیا گیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مقامی رہنما بھی موجود تھے،اشرف آباد، گلگت میں مسجدالامام الحسینؑ کا افتتاح بختاور خان سیکریٹری فلاح بہبود گلگت اور علی حیدر مسئول صوبائی سیکریٹریٹ گلگت نے کیا۔