وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری یوتھ علامہ اعجاز بہشتی نے کہا ہے کہ ہم عظیم اسلامی ثقافتی ورثے کے امین ہیں اوراسلام میں شرعی ضابطہ کے علاوہ لڑکے، لڑکی کی دوستی کا کوئی تصور نہیں، قرآنی احکام کی رو سے عورت کے چلنے میں بھی حددرجہ شریفانہ انداز اپنانے کا حکم ہے، جبکہ میاں بیوی بھی سرِعام اظہار محبت نہیں کر سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ویلنٹائن ڈے جیسی غیر شریفانہ مغربی ثقافتی رسومات کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں عورتوں کیخلاف جرائم میں اضافہ ہوا ہے اسلام کی رو سے اپنے پیاروں سے اظہار محبت ایک دن نہیں بلکہ پورا سال ہونا چاہیے۔قرآن میں واضح حکم ہے کہ عورت نامحرم سے بات کرتے وقت ایسا لہجہ اختیار کرے جس میں جذبات کی عکاسی نہ ہو اسلام عظیم ثقافت سے مالا مال دین ہے جو زندگی کے ہر قدم پر رہنمائی کرتا ہے۔ علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ نوجوان میڈیا کی مدد سے الٰہی احکامات، ملکی قوانین، اسلامی تہذیب اور مشرقی روایات کے تناظر میں ویلنٹائن ڈے کے نام پر بے حیائی کی حوصلہ شکنی کریں۔