The Latest
وحدت نیوز(اورکزئی ایجنسی) مجلس وحدت مسلمین ضلع اورکزئی ایجنسی کے ضلعی تنظیمی عہدہ داروں نے کلایہ کے محترم حسینی انوری سادات کرام (جو کہ قائدشھید علامہ عارف حسینی ؒکے جدامجد، شھیدمیرانورشاہ بزرگوار کاخانوادہ اور کلایہ انکا آبائی گاؤں ہے) کی دعوت پروہاں کا دورہ کیا،جہاں گاؤں کے تمام سادات،غیرسادات نے بالاتفاق، انکا گرمجوشی سے استقبال کیااورایم ڈبلیوایم کی پورےملک خاص کر پاراچنار اور ڈی آئی خان،کوئٹہ اور کراچی کے حوالے سے جرائت مندانہ موقف کی تعریف وتائید کی اور بمقام کلایہ دربار ایم ڈبلیوایم کلایہ یونٹ کی تشکیل بھی عمل میں آئی، تقریبا سو کے قریب سادات و غیر سادات نے اس یونٹ میں شمولیت کا اعلان کرکے ہر ممکن مدد کا وعدہ کیا،اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے ضلعی رہنماوں کا کہنا تھا کہ ہمارے لیئے کلایہ میں تنظیم سازی اوریونٹ سازی سے زیادہ خوشی اس بات کی ہےکہ وہاں کی مومنین سادات غیرسادات کے درمیان وحدت وہم آہنگی مثالی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتی کی مرکزی سیکریٹری جنرل محترمہ زہرا نقوی نے فاضلہ قم اور پرنسپل جامعہ بعثت چنیوٹ محترمہ معصومہ کو ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی نامزد کردیا گیا ہے ،جبکہ محترمہ معصومہ لاہورڈویژن کے امور میں بھی معاونت کریں گی، محترمہ زہرا نقوی نے محترمہ معصومہ کو مرکزی کابینہ میں شمولیت پر مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کےتنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گی اور ملک و ملت کے سر بلندی کیلئے بہترین سرمایہ ہونگی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد کی ضلعی شوری کا ایک اہم اجلاس ضلعی سیکرٹری جنرل محمد حسین شیرازی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نثار فیضی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی رہنماؤں کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کی تنظیم سازی، تعلیم و تربیت اور تنظیمی فعالیت سمیت دیگر امور کو زیر بحث لایا گیا۔محمد حسین شیرازی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان میں ملت تشیع کی وہ نمائندہ مذہبی و سیاسی جماعت ہے جسے ملت کا بھرپور اعتماد حاصل ہے۔ارض پاک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ مجلس وحدت مسلمین کے موثر روابط ہمارے سیاسی استحکام کی علامت ہیں۔پاکستان میں ملت تشیع کی اہمیت کو ثابت کرنے اور اپنے وجود کے موثر اظہار کے لیے ہمیں سیاسی طور پر فعال ہونا ہو گا۔سیاست سے دوری ہماری مشکلات کا بنیادی سبب ہے۔انہوں نے کہا کہ تنظیم سازی اور تربیتی رجحان کے فروغ کے لیے مجلس وحدت مسلمین نے مربوط اور جامع لائحہ عمل تیار کر رکھا ہے جس پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ہم میدان عمل سے غافل نہیں رہ سکتے۔شہید عارف حسینی ہمارے باعمل اور بابصیرت رہنما تھے۔ہمیں ان کے اہداف کو حاصل کرنا ہے۔6اگست کو اسلام آباد میں شہید حسینی کی برسی شاندار انداز سے منائی جائے گی۔برسی کے انعقاد کے سلسلے میں تشکیل دی جانے والی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نثارفیضی نے کہا کہ شہید قائد کی برسی کے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔برسی میں ملک بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد شرکت کر ے گی۔مختلف نامور شخصیات اور علما کرام کو بھی دعوت نامے بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کی اہم شاہراؤں پر بینرز آویزاں کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عارف حسینی کی آواز عالم استکبار اور طاغوت کے خلاف جرات مندانہ للکار تھی۔ شہید عارف حسینی کی برسی کے سلسلے میں ہونے والا اجتماع اسلام آباد کا تاریخی اجتماع ثابت ہو گا۔
وحدت نیوز(منڈی بہاوالدین) مجلس وحدت مسلمین منڈی بہاوالدین کا ضلعی اجلاس امام بارگاہ امام موسیٰ کاظم میں منعقد ہوا۔جس اجلاس میں ضلع بھر کے تمام یونٹس کے 2 دو افراد کو مدعو کیا گیا تھا ماشاء الله تقریباً تمام یونٹس کے عہدیداران شامل ہوئے ۔ پروگرام کا آغاز مولانا شفقت عباس نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اس کے بعد مولانا سید اسد عباس نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔ اس کے بعد قومی ترانہ ملٹی میڈیا پے سنا گیا اور تمام شرکا نے کھڑے ہو کر قومی ترانہ پڑھا ۔ اس کے بعد ضلعی آرگنائزر مولانا سید رضوان صفدر نے ،، ہماری زمہ داری ،، کے موضوع پر گفتگو کی ۔جس کے بعد ترانہ وحدت سنا کر شرکا کو محظوظ کیا گیا۔ اس کے بعد وقفہ نماز و نیاز کیا گیا ۔
ضلعی اجلاس کی دوسری نشست کا باقاعدہ آغاز مولانا اقبال جعفری نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اس کے بعد ضلعی آرگنائزر مولانا مظہر عباس ہادی نے خطاب کیا جس کے بعد مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ٹیلیفونک خطاب کیا اور مجلس وحدت مسلمین ضلع منڈی بہاوالدین کی فعالیت پر خراج تحسین پیش کیا اور تمام شرکاء محفل کی کاوشوں کو سراہا اور ملکی حالات پر تفصیلی گفتگو کی اور آخر میں قائد شھید کی 6 اگست کو برسی کی مناسبت سے ،،، مھدی برحق کانفرنس ،، کی دعوت دی اور کہا کہ انشاء الله منڈی بہاوالدین کے مومنین ہر بار کی طرح اس بار بھی اچھی شمولیت اختیار کریں گے ۔ ناصر ملت کے خطاب کے بعد سابقہ سالانہ کارکردگی رپورٹ مولانا سید اسد عباس نے پیش کی جس کے بعد باقاعدہ مولانا ناصر عباس تقوی نے ٹیم کے ساتھ الیکشن کمیشن کے فرائض سرانجام دیے اور تمام یونٹس کے افراد نے ووٹنگ کا حق استعمال کیا اور مولانا سید مظہر عباس ہادی نئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین منڈی بہاوالدین منتخب ہوئے ۔ تمام شرکائے اجلاس نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد دی جس کے بعد مولانا مظہر عباس ہادی نے پالیسی ساز خطاب کیا اور 6 اگست کے حوالے سے پروگرام ترتیب دیا گیا ،مولانا مظہر عباس ہادی نے ڈپٹی سیکرٹری کے طور پر مولانا سید رضوان صفدر اور زاکر اہلبیت سید شکیل عباس نقوی کو نامزد کیا جس کے بعد ڈپٹی سیکرٹری صاحبان نے خطاب کیا اور دعائے امام زمانہ ع پراجلاس کا اختتام ہوا ۔
وحدت نیوز(کراچی) پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے پانی چوری سے روکنے پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر جوگی موڑ یونٹ کے سیکریٹری جنرل ندیم حسین حاجانواور سجاد حسین پر قاتلانہ حملہ کردیا ، نیم مردہ حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور UC-24چوکنڈی بن قاسم کے نائب ناظم عبدالرشید پہنورکی پشت پناہی میں پیپلز پارٹی کے کارکن نعیم پہنور، ثناءاللہ پہنور، سعیدپہنور،جمیل پہنورنے رات کی تاریکی میں پانی کے لائن میں غیر قانونی کنکشن لینے کی کوشش کی جس پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما ندیم حاجانواور سجاد حسین نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر پیپلز پارٹی کے مذکورہ کارکنان نے بیلچوں سے جان لیواوارکرکے ندیم حاجانواور سجاد حسین کو شدید انداز میں زخمی کردیا جس کے باعث ندیم حاجانوکے سر میں شدید چوٹیں آئیں اور ان کے سر کی ہڈی کئی جگہ ٹوٹ گئی اور انیس ٹاکے آئے دونوں زخمیوں کو فوری طور پرجناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، واقعہ کے بعد ایم ڈبلیوایم کے کارکنان میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نے پی پی پی کے حملہ آور کارکنان کے خلاف مقامی تھانے میں ایف آئی درج کروادی ہےمگر تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنما علامہ نشان حیدر ساجدی نے کہا ہے کہ نائب ناظم رشید پہنور حملہ آوروں اور علاقے کے جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی اور انہیں تحفظ فراہم کرنے میں مصروف ہے،جبکہ حملہ آوروں نے الٹی ایم ڈبلیوایم کے نہتے اور زخمی کارکنان کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی جس کا کوئی جواز ہی نہیں پیدا ہوتا،چند ماہ قبل مسجد وامام بارگاہ شاہ نجف میں کچھ لٹیرے داخل ہوئے تھے اور انہوں نے وہاں موجودنمازیوں کو لوٹنے کی کوشش بھی کی تھی جنہیں عوام نے جان پر کھیل کر گرفتار کروایا ان کے پیچھےبھی یوسی نائب ناظم کا ہاتھ نکلا تھا، انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے واقعے میں ملوث مجرموں کی فوری گرفتاری اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے پی پی پی میں موجود ان جرائم پیشہ عناصر اور ان کے پشت پناہ کرپٹ نائب یوسی ناظم کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ، بصورت دیگر ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نیشنل ہائی وے بلاک کرکے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل محترمہ سیدہ زھراء نقوی کی سربراہی میں وفد نےمرکزی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد میں نثار فیضی کنوینر مہدیؑ برحق کانفرنس سے ملاقات کی اس وفد میں راولپنڈی ،اٹک ، چکوال ،تلہ گنگ اور مری سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنماوں نے شرکت کی ، اس موقعہ پرعلامہ اعجازبہشتی مرکزی سیکرٹری تربیت نے خواتین سے خطاب بھی کیا۔
اجلاس میں شہید قائد کی 29 ویں برسی میں خواتین کی بھرپور شرکت اور بہترین انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،مرکزی سیکریٹری جنرل شعبہ خواتین محترمہ زہرا نقوی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ راولپنڈی ڈویژن کی کارکنان اور عہدیداران مہدی ؑ برحق کانفرنس میں میزبانی کے فرائض انجام دیں گی جبکہ ضلع اٹک ،جہلم ،چکوال ،مری کی خواتین کارکنان پنڈی ڈویژن کی معاونت کریں گی اس سال مرکزی اجتماع میں خواتین کی ایک بہت بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دن بہ دن دہشت گردی عروج پر جارہی ہے کل کوئٹہ میں ایس ایس پی مبارک شاہ سمیت چار اہلکار شہید کیے گے آخر یہ دہشت گرد کون ہے کہا سے آتے ہیں اور حملہ کر کے چلے جاتے ہیں گزشتہ سال محرم الحرام چهلگری امام بارگاہ میں خود کش حملہ ہوا حملہ آور کے سہولت کارآج تک دھندناتے پھر رہے ہیں حکومت بلوچستان کا کوئی ردعمل نہیں ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اندر دن بہ دن دہشت گردی بڑھتی جارہی ہے ہم عسکری داروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع فیصل آباد کی شوری کا اجلاس،صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مبارک موسوی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین اور مرکزی معاون سیکرٹری تنظیم سازی علامہ اصغر عسکری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید افتخار حسین نقوی، ضلعی کابینہ کے اراکین اور یونٹ مسئولین بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ ملکی و بین الاقوامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے امت مسلمہ کو درپیش چینلجز اور ان سے نبردآزما ہونے کیلئے 6 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس بعنوان مہدی برحق کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی رہ کی اس برسی کے سالانہ اجتماع کے موقع پر ہم شہید کے روح سے یہ تجدید عہد کریں گے کہ اے شہید دشمن نے آپ کو شہید کرکے جو مقاصد حاصل کرنا چاہے تھے آپ کے معنوی فرزند دشمن کو ان ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے ضلع فیصل آباد کے تنظیمی عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ 6 اگست کے اجتماع کو تاریخی بنانے کیلئے بھرپور تیاری کریں۔
وحدت نیوز(لاہور) ظالم کیخلاف ہر مظلوم کی حمایت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، سانحہ ماڈل ٹاوُن کے شہداء کے لہو کو رائیگان نہیں جانے دینگے، ہمارے شہداء کے قاتلوں کے سہولت کار پنجاب حکومت کی صفوں میں بیٹھے ہیں، پنجاب میں ہمارے درجنوں بے گناہ شہداء کے لواحقین انصاف کے منتظرہیں،ن لیگ میں شامل دہشتگردوں کے سہولت کار ہمارے خلاف انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہیں،پنجاب میں سی ٹی ڈی کے ذریعے حکومت ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے،ہم بانیان پاکستان کی اولاد ہیں، ملک دشمنوں کیخلاف خون کے آخری قطرے تک جدو جہد جاری رکھیں گے، اسلام آباد میں 6 اگست کو ہونے والا اجتماع دہشتگردی اور کرپشن زدہ حکمرانوں کیخلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر افتخار نقوی نے 6اگست کو اسلام آباد میں منعقدہ ،،مہدی ؑ برحق کانفرنس ،،کے رابطہ مہم کے سلسلے میں جاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت اپنے کرپشن چھپانے کے لئے عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہے،ہم آل شریف کو سیاسی شہید بننے نہیں دینگے،ملکی وسائل لوٹنے والو ں کو پائی پائی کا حساب دینا ہو گا،نواز شریف اور شہبازشریف حق حکمرانی کھو چکے ہیں،عوام ان کرپٹ اور ملک دشمن حکمرانوں کیخلاف باہر نکلیں،پاکستان کی سالمیت اور بقا کے لئے ضروری ہے کہ ان کرپٹ حکمرانوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ اور قاتل حکمرانوں کے اقتدار میں رہنے کا جواز ختم ہو چکا ہے، پاناما جے آئی ٹی کی رپورٹ نے ثابت کر دیا ہے حکمرانوں کا پورا کنبہ ہی کرپشن میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما جے آئی ٹی کی طرح سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جے آئی ٹی جو جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں بنائی گئی تھی کی رپورٹ بھی پبلک کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار قرار دیا تھا، جس کی وجہ سے ظالم حکمرانوں نے وہ رپورٹ ہی دبا لی۔ سید احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ پاکستان سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء اور زخمیوں کے لواحقین کیساتھ کھڑی ہے، پاکستان میں شیعہ اور سنی کا کوئی مسئلہ نہیں، شیعہ اور سنی متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی کو منظم سازش کے تحت لڑایا گیا اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے تکفیری گروہ پیدا کیا گیا، مگر آج شہداء کے مقدس لہو کی بدولت شیعہ اور سنی متحد ہیں اور تکفیری گروہ تنہا ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں صوبائی کابینہ کا ایک وزیر ملوث ہے جو دہشتگردوں کا سہولت کار ہے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کا بھی وہی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ احمد اقبال رضوی خطاب کرنے سٹیج پر آئے تو فضا "لبیک یاحسینؑ، لبیک یاحسینؑ" کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔