The Latest
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے انٹرا پارٹی الیکشن ،علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کوبھاری اکثریت سے تیسری مرتبہ تین سال کیلئے مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کاریاستی جنرل سیکرٹری(سربراہ) منتخب کرلیا گیا۔ ریاستی سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے ریاست آزاد کشمیر کے تمام اضلاع،ریاستی کابینہ سے تعلق رکھنے والے اراکینِ ریاستی شوریٰ نے انتخابی عمل میں حصہ لیا۔رائے شماری مسجد و امامبارگاہ باب العلم لوئر چھتر مظفرآباد ہوئی،جنرل سیکرٹری کی نشست کے لیے علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی، مولانا سید طالب حسین ہمدانی اورسید عبادت علی کاظمی کو نامزد کیا گیا، مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی ریاستی شوریٰ کے ممبران کی کثیر تعداد نے علامہ سید تصور حسین جوادی کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ۔نتائج کا اعلان مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی نے کیا۔
میڈیا سیل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے انٹرا پارٹی الیکشن کے موقع پر پیام وحدت اجلاس ریاستی شوریٰ میں علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے تیسری بار سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں، انہیں ریاستی شوریٰ نے بھاری اکثریت سے ایک بار پھر سیکرٹری جنرل کیلئے منتخب کرلیا ہے ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے نئے سیکرٹری جنرل کا اعلان کیا، اجلاس کی چوتھی نشست میں ریاستی شوری کا اجلاس طلب ہوا جس میں تمام اضلاع سے دو دو ارکان،ریاستی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی اور انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ ریاستی شوریٰ کو انتخابی کمیٹی کی طرف سے تین نام پیش کیے گئے تھے جن میں علامہ سید تصور حسین جوادی،مولانا طالب ہمدانی اور سید عبادت علی کاظمی شامل تھے ۔
ریاستی شوریٰ سے ان تین ناموں میں سے کسی ایک نام کو سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب کرنے کا کہا گیا۔علامہ سید احمد اقبال رضوی کی سربراہی میں تمام انتخابی عمل انتہائی شفاف طریقے سے انجام پایا۔ اس موقع پر علامہ تصور جوادی کا شاندار استقبال کیا گیا اور فلک شگاف نعرے بلند کیے گئے ۔علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی،علامہ شیخ غلام حسن صابری مرکزی خطیب مظفرآباد ، تمام علماء کرام ، مہمانان گرامی اورریاستی شوریٰ کے اراکین نے علامہ سید تصور حسین جوادی کو مبارکباد پیش کی اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں اتحاد بین المسلمین،قوم و ملت کی خدمت ، مظلوموں کی حقوق کے لیے جدوجہد، ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظت اور دین مبین کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، مظلوموں و محروموں کی آواز بن کر اٹھیں گے، قائدوحدت کی قیادت میں ملت و قوم کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشتگردی ، بالخصوص شیعہ ٹارگٹ کلنگ ریاستی اداروں اور حکومتی ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، قائد وحدت تین دن سے بھوک ہڑتال پر ہیں ،ہم مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ آرمی چیف صورتحال کا نوٹس لیں ، پاکستان میں بسنے والے نہتے شہریوں کو مارا جا رہا ہے، ہماری قوم کے پروفیشنلز کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے،ہمارے لیے اب یہ صورتحال نا قابل قبول ہے ۔
وحدت نیوز(کراچی)متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی سندھ ڈاکٹر صغیراحمد کے پاک سرزمین پارٹی میں شمولت کے بعد PS-117کی خالی ہونے والی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار محسن مقادم اور رضوان پنجوانی شیعہ علماءکونسل کے امیداوار علی رضا لال جی کے حق میں دستبردارہو گئے ہیں ، اس بات اعلان گذشتہ روز ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے نامزد سیکریٹری امور سیاسیات سید علی حسین نقوی نے شیعہ علماءکونسل کے صوبائی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ قومی وحدت اور یگانگت کو پارٹی مفادات پر ترجیح دی ہےاور حلقہ PS-117میں بھی ہم نے اپنی قیادت کی اتحاد وحدت کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے شیعہ علماءکونسل کے امیدوار کے حق میں اپنے امیداوار دستبردارکروانے کا اعلان کیا ہے، ہم شیعہ علماءکونسل کے امیدوار کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں ساتھ ہی ان کی الیکشن مہم میں بھی ان کا بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرواتے ہیں ۔شیعہ علماءکونسل کے رہنما علامہ جعفر سبحانی نے مجلس وحدت مسلمین کے اس جذبہ خیر سگالی پر مسرت کا اظہار کیا اور علی رضا لال جی کی حمایت کرنے پر اظہار تشکر کیا۔واضح رہے کہ ایم ڈبلیوایم کے امیداروں کے علاوہ اس نشست پر نامزددو آزاد امیداروں حسنین حیدری اور عون علی نے بھی علی رضا لال جی کی حمایت میں دستبردارہو نے کا اعلان کردیا ہے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر گذشتہ چارروز سے جاری مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کےبھوک ہڑتالی کیمپ میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدربرادر علی مہدی نے مرکزی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ملاقات کی اور اظہار یکجہتی کیا، اس موقع پر مرکزی رہنما ایم ڈبلیوایم علامہ سید حسن ظفرنقوی، علامہ احمد اقبال رضوی ، سید اسد عباس نقوی، آصف رضا اور دیگر بھی موجود تھے، آئی ایس او کے مرکزی صدر نے ضعیفی اور ناسازی طبع کے باوجود چارروز سے جاری علامہ راجہ ناصرعباس کی بھوک ہڑتال پر خراج عقیدت پیش کیا ،انہوں نے کہا کہ ملت تشیع کی نسل کشی کے خلاف آپ کا یہ اقدام لائق صد تحسین ہے، علی مہدی نے کہاکہ پاراچنار ، ڈی آئی خان ، پشاور اور کراچی میں شیعہ نسل کے خلاف آپ کی بھوک ہڑتالی تحریک کی آئی ایس اومکمل حمایت کرتی ہے اس کے ساتھ ہی انہوں نے پورے پاکستان کے کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ ملک بھر جہاں جہاں ایم ڈبلیوایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کیئے گئے ہیں وہاں وہاں آئی ایس او بھر پور شرکت کرے اور اظہار یکجہتی کرے، علامہ راجہ ناصرعباس اور دیگر مرکزی قائدین نے مرکزی صدرآئی ایس او پاکستان علی مہدی کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) بین الاقوامی شہرت یافتہ خطیب اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بانی رہنما علامہ سید حسن ظفرنقوی اپنی تمام تر نجی مصروفیات ترک کرکے شیعہ نسل کشی کے خلاف اسلام آباد میں جاری سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی احتجاجی بھوک ہڑتال میں شامل ہو گئے ہیں ، نیشنل پریس کلب کے باہر قائم احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ میں آمد پر ان کا کہنا تھا کہ ملت تشیع پاکستان کا ایک عظیم لیڈر قوم کے حقوق کی خاطر تین روز سے بھوک ہڑتال پر بیٹھا ہے، اب ہماری قومی وملی جماعتوں او رتنظیموں کا کیا وظیفہ ہے،یہ کسی شخصیت ، تنظیم یا جماعت نہیں بلکہ قومی غیرت وحمیت کا مسئلہ ہے، جس میں پوری قوم کو علامہ راجہ ناصرعباس سے اظہار یکجہتی کرنا چاہئے، انہوں نے مذید کہا کہ جن مومنین سے میرےمجالس یا میلاد میں شرکت کے وعدے ہیں، ان سب سے انتہائی معذرت کے ساتھ کہتاہوں کہ یہ ناچیز حاضر نہیں ہو سکتا،مومنین کے قتل عام کے خلاف آواز اٹھانا اور احتجاج کرنا آج میری سب سے بڑی ذمہ داری ہےاور اپنے مولا سے کیئے ہوئے وعدے کو وفا کرنا سب سے بڑی وفاداری ہے.
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے تنظیمی پیام وحدت کنوکشن کے اختتام پر آئندہ تین سال کیلئے برادر میثم رضا عابدی ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے نئے سیکریٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں، امام بارگاہ عزاخانہ ابوطالبؑ سولجر بازارمیں منعقدہ کنونشن میں ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے اراکین کابینہ اور چھ اضلاع سے عہدیداران نے اپنے خفیہ حق رائے دہی کے نتیجے میں نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب کیا، جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی ، صوبہ سیکریٹری فلاح وبہبود الفت عالم کربلائی اور سیکریٹری روابط شفقت علی لانگا نے الیکشن کمیشن کے اراکین کی حیثیت سے انتخابی عمل کی نگرانی کی، میثم عابدی کے مد مقابل سید رضا امام اور سجاد اکبر زیدی کے نام بھی انتخابی عمل میں شامل تھے۔نومنتخب سیکریٹری جنرل میثم عابدی سے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی نے ان کے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر نومنتخب سیکریٹری جنرل میثم عابدی کا کہنا تھا کہ ایک بھاری ذمہ داری میرے کاندھو ں پر ڈال دی گئی ہے، آپ تمام دوستوں کے تعاون کے بغیر اس الہیٰ وضیفے کی انجام دہی ناممکن ہے، انشاءاللہ آئندہ تین سال جماعت کے تنظیمی ڈھانچے کی مذید مضبوطی کیلئے اقدام بروئے کار لائے جائیں گے اور ایم ڈبلیوایم کو وطن عزیز کی ایک مظلوم دوست جماعت کی حیثیت سے روشناس کروائیں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) اہل سنت عالم دین محمد علی نقشبندی صاحب کی تحفظ ناموس رسالت کے وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ آمد، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کو پھولوں کے گلدستے کے ساتھ مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اتحاد امت مسلمہ کے لیے کی جانے والی خدمات پر ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کو خراج تحسین پیش کیا،س موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکریٹری مالیات علامہ سید مبارک علی موسوی ، مرکزی سیکرٹری سیاسیات برادر اسد نقوی ، برادر ناصر شیرازی اور لاہور کے نو منتخب سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ہمدانی سمیت دیگر ضلعی عہدہ داران موجود تھے۔دونوں رہنمائوں کے درمیان دوطرفہ دلچسپی کے امور سمیت ملکی حالات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری وفدمیں شامل معززمہمانان گرامی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گذشتہ روزدورہ لاہور کے موقع پر سربراہ تحریک اتحاد امت مصطفیٰ پیر شفاعت الرسول سے ان کے آستانہ پر ملاقات کی ، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس نقوی، رکن شوریٰ عالی سید ناصرشیرازی،سیکریٹری جنرل لاہور علامہ سید حسن ہمدانی ودیگر بھی مو جود تھے ، ایم ڈبلیوایم قائدین کی آمد پر پیر شفاعت الرسول کے مریدوں کی جانب سے گل پاشی کرکے شاندار استقبال کیاگیا ،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پیر شفاعت الرسول کو تحریک اتحاد امت مصطفیٰ ﷺکا چیف آرگنائزر نامزدہونے پر مبارک باد پیش کی،
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان سے تکفیریت کے خاتمے اور امن واستحکام کے قیام کیلئے مضبوط شیعہ سنی روابط کا قیام ناگزیر ہے، الحمداللہ مجلس وحدت مسلمین نے وطن عزیز میں اہل سنت تنظیمات کے ساتھ گراس روٹ تک برادرانہ تعلقات قائم کرکے تکفیریت کا منہ کالا کیا ہے۔ پیر شفاعت الرسول نے تحریک اتحاد امت مصطفیٰ ﷺمیں مجلس وحدت مسلمین کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیوایم اور خصوصاًآپ کی اتحاد بین المسلمین کے لئے جدوجہد روز روشن کی طرح عیاں ہے، انہوں نے ایم ڈبلیوایم قائدین کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) کرم ویلی ٹیچر ایسوسی ایشن کے تحت یکم جولائی2012سے فاٹا اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر پابندی کے خلاف نیشنل پریس کلب کے باہر جاری احتجاجی دھرنے میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےخصوصی شرکت کی اور شرکائے دھرنا سے خطاب بھی کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ آغا سید علی رضوی، ارشاد حسین بنگش اور محمد علی بھی موجود تھے، علامہ راجہ ناصرعباس نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فاٹا اساتذہ کی حق تلفی قابل مذمت ہے، معاشرے کے سب سے قابل احترام طبقے کے حقوق غصب کرنا غیر اخلاقی اور غیر آئینی اقدام ہے ، مجلس وحدت مسلمین متاثرہ اساتذہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وفاقی حکومت فاٹا کے اساتذہ کے ساتھ متعصبانہ رویہ ترک کرے اور ان کی قابلیت ، اسکیل اور مدت ملازمت کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کرے۔
وحدت نیوز (کراچی ) ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف اسلام آبا دمیں جاری قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کی جانب سے نمائش چورنگی پر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کردیا گیا ہے، وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ باقرعباس زیدی، علامہ مختارامامی ، کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن ، علی حسین نقوی ،علامہ علی انور جعفری ،علامہ صادق جعفری ،علامہ احسان دانش ،ناصر حسینی ،ڈاکٹر مدثر حسین سمیت کارکنان کی بڑی تعدادنے بھول ہر تالی کیمپ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی کیلئے علامتی بھوک ہڑتال کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں شہدائے پاراچنار ،ڈیرہ اسماعیل خان ،شہدائے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ اس احتجاجی کیمپ کا مقصد ملک میں بسنے والی بے گناہ عوام کے خانوادوں سے اظہار یکجہتی اور ملک خداداد میں جاری دہشتگردی کالعدم جماعتوں کے بڑھتے ہوئے نفوذ اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف حکومتی و ریاستی اداروں کی مجر مانہ خاموشی پر اپنا موثر احتجاج ریکارڈ کر وانا ہے ملک میں بڑھتی ہوئی تازہ دہشتگردی کی لہرپر ملکی محب وطن عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ایسا لگتا ہے کے ملک میں دوبارہ طالبان دہشتگردوں اور ان کی بغل بچہ کالعدم جماعتوں کو فری ہینڈ دیا جا رہا ہے اورپھر سے پروفیشنلز کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر قومی نقصان کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں خرم ذکی کاقتل تکفیریوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزا ہے حکومت اور ریاستی اداروں نے ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود ڈیرہ اسماعیل خان وکلاء کے قتل سمیت کراچی میں خرم ذکی کے قتل پر اب تک کوئی جو ڈیشنل انکوائری کمیشن تشکیل نہیں دیا جبکہ دوسری جانب نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے بے گناہ افراد کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا حکومت ،ریاستی ادروں کے ساتھ ساتھ اب عدلیہ پر سے بھی اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔یہ اطلاعات بھی منظر عام پرموجود ہیں کہ سپریم کورٹ کے جج کی سفارش پر عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کیلئے کام کرنے والے افراد کو جیل سے رہا کیا گیا ہے اور دوسری جانب جن ججوں نے ماڈل ٹاون کیس کا فیصلہ حکومت کی مرضی کے برعکس کیا ان کے خلاف حکومت نے انتقامی کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جب حکمران تنزلی کی اس سطح تک گر جائیں تب ملکی سلامتی و بقا خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی مین نمائش چورنگی پر لگایا جانے والا یہ علامتی بھوک ہرتالی کیمپ مرکزی قائدین کے اسلام آباد پریس کلب پر احتجاجی بھوک ہر تالی کیمپ سے مشروط ہے جب تک مرکزی قائدین کا حکم نہیں آجاتا یہ بھوک ہڑتالی کیمپ روزانہ جاری رہے گا ۔
وحدت نیوز (لاہور) لاہور پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دوسرا دن،جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ کے رہنماوُں سول سوسائٹی و دیگر کی آمد و اظہار یکجہتی،جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ڈاکٹر امجد چشتی کا کہنا تھا کہ شیعہ نسل کشی پر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال بے حس حکمرانوں کے منہ پر تماچہ ہے،پرامن اور موثر احتجاج میں مجلس وحدت مسلمین کا کوئی ثانی نہیں،ان کے مطالبات پوری قوم کی ترجمانی ہے،ملک سے دہشت گردی کے عفریت کا خاتمہ اسی وقت ممکن ہے جب دہشت گردوں کے سیاسی سرپرستوں کو ایوانوں کے بجائے جیلوں میں ڈالا جائے اور ان غداروں کو سر عام پھانسیاں دی جائے،مصلحت پسندی کے ذریعے اس ناسور سے جان چھڑانا ممکن نہیں،انہوں نے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کیساتھ ساتھ ہیں ،پاکستان کے شیعہ سنی یکجان ہے اور مٹھی بھر دہشت گردوں کو شکست دیے بغیر ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے،مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی نے اہلسنت اکابرین اور دیگر اظہار یکجہتی کے لئے آئے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اور ریاستی اداروں کی بے حسی کیخلاف ہمارا یہ احتجاج غیر معینہ مدت کے لئے ہیں،ہم ظالموں کیخلاف میدان میں حاضر ہیں انشااللہ ہم اپنی اس جدو جہد کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔